اسلام آبا د سمیت مختلف علاقوں میں زلزلہ …شدت 6.4 ریکارڈ

اسلام آبا د سمیت مختلف علاقوں میں زلزلہ

اسلام آباد (ویب  نیوز)اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ مردان، شمالی وزیرستان،  سوات اور باجوڑ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ ، دیر اور چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ریسکیو 1122 ہائی الرٹ کردیا گیا۔صوبہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین اور توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔زلزلے کے جھٹکے جن علاقوں میں محسوس کیے گئے وہاں سے فی الحال کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔پاکستان میٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 2 منٹ پر آیا جس کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 80 کلو میٹر زیر زمین تھی۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلیکے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر دور تھا،  امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی اور زلزلی کا مرکز تاجکستان کے علاقے مرغوب سے 35 کلومیٹر دور تھا۔امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 91.6 کلومیٹر تھی۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیوپنجاب نے ریسکیو 1122 کوہائی الرٹ کردیا تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔صوبہ خیبرپختونخوا کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کا بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.