بابری مسجد کے جانبدارانہ فیصلے سے بھارت بے نقاب ہوگیا، ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

بابری مسجد کیس میں تمام ملزمان کو رہا کر دیا گیا جو کہ شرم ناک ہے

فیصلے کو نہ تو بھارت کے عوام، نہ ہی پاکستان اور نہ ہی عالمی برادری تسلیم کرتی ہے

بھارت دہشت گردی کا ریاستی پشتی بان ہے

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن عدالت کے فیصلے کے مطابق عمل درآمد کر رہا ،رپورٹ باقاعدہ طور پر عدالت میں جمع کرائی جاتی ہے

فرانس میں گرفتار پاکستانیوں کے حوالے سے فرانس کی حکومت نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی بریفنگ

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ بابری مسجد کے جانبدارانہ فیصلے سے بھارت بے نقاب ہوگیا،جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے بڑی جمہوریت آج بے نقاب ہو چکی ہے، گذشتہ روز ایک فراڈ عدالت کے ذریعہ بابری مسجد کیس میں ایک جانبدارنہ فیصلے نے بھارت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کیس میں تمام ملزمان کو رہا کر دیا گیا جو کہ شرم ناک ہے، آج بھارت میں نہ تو جمہوریت ہے نہ ہی اس کی عدالتیں آزاد ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بابری مسجد کیس کے حوالے سے بھارتی عدالت کا فیصلہ ہندو توا نظریے کے تحت کیا گیا اور بھارت میں ہندوتوا نظریے کے تحت ہی حکومت چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالت کے فیصلے کو نہ تو بھارت کے عوام، نہ ہی پاکستان اور نہ ہی عالمی برادری تسلیم کرتی ہے۔بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہمسایے سب سے پہلے کی پالیسی کا وجود ہی نہیں ہے بلکہ ان کی پالیسیاں چانکیہ ڈاکٹرائن کے تحت چلائی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسیاں منی لانڈرنگ اور مالی جرائم میں ملوث ہیں اور بھارت دہشت گردی کا ریاستی پشتی بان ہے، اسی طرح انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھارت کی پوزیشن دنیا بھر میں ابتر ہے۔بھارت میں پاکستانی ہندووں کی پراسرار ہلاکت سے متعلق انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا پاکستان ہندو کونسل کا حق ہے، 11 پاکستانی ہندوں کے قتل کا جونہی علم ہوا، پاکستان نے بھارت سے فوری رابطہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان کے سربراہ کی بیٹی شیریمتی مکھی نے اس معاملے میں را کے ملوث ہونے کی بات کی اور ہم اس کو بھرپور انداز میں اٹھاتے رہیں گے۔زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ اور والد سے ملاقات کی پیش کش اب بھی موجود ہے تاہم پاکستانی پیش کش کا اب تک بھارت کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کووڈ-19 کے باعث قرضوں کی معافی اور علاقائی امن پر بات کی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم معصوم کشمیریوں پر پیلٹ گنز کے استعمال کو اجاگر کیا اور اسلاموفوبیا کے معاملے پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرتے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات مزید ابتر ہو رہے ہیں اور وہاں محاصرے کو 428 روز ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید 6 نہتے کشمیری شہید ہوئے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بابر قادری کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہادت کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔لائن آف کنٹرول پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 24، 28 اور 30 ستمبر کو بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ کے دورے کے بارے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی دعوت پر افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے پاکستان کا دورہ کیا، انہوں نے صدر مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سمیت اعلی حکام سے ملاقات کی جہاں افغان امن کے حوالے سے بات ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تنازع میں برادر ملک آذربائیجان کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی شہریوں کے سعودی عرب میں اقاموں کی مدت ختم ہو رہی ہے تاہم اس معاملے کو سعودی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔اقاموں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر کفیل ایک نجی شہری ہو تو اقاموں کی تجدید ایک ویب سائٹ سے ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اقاموں کی توسیع کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے اور پاکستانی ویب سائٹ یا سفارت خانے سے اقامے کی توسیع کروا سکتے ہیں۔ترجمان  نے کہا کہ اس وقت 100 میں سے 45 پروازیں سعودی جارہی ہیں اور رواں ماہ کے آخر تک تمام 100 پروازیں فعال ہوں گی، سعودی حکام کے ساتھ پروازوں کی کلیئرنس پر بات چیت جاری ہے۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن عدالت کے فیصلے کے مطابق عمل درآمد کر رہا ہے اور اس کی رپورٹ باقاعدہ طور پر عدالت میں جمع کرائی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں گرفتار پاکستانیوں کے حوالے سے فرانس کی حکومت نے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

Editor

Next Post

نواز شریف بھارت کی مدد سے ملک کیخلاف خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان

جمعرات اکتوبر 1 , 2020
اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف بھارت کی مدد سے ملک کیخلاف خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، یہی گیم متحدہ بانی نے کھیلی تھی۔ نجی ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران […]
PM Imran Khan