براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ، سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے ،سینیٹر سراج الحق

  براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ، سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے کر عوام کو حقائق سے آگاہ کرے،سینیٹر سراج الحق

لوگ کسی تحقیقات ادارے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں

پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ،مگروزیراعظم دن رات کامیابیاں گنوانے میں مصروف ہیں

 منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب  میڈیا گفتگو

لاہور(ویب ڈیسک )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہاہے کہ براڈ شیٹ کے انکشافات سے پوری قوم پریشان ، سپریم کورٹ سو موٹو ایکشن لے کر عوام کو حقائق سے آگاہ کرے ۔ لوگ کسی تحقیقات ادارے پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ۔ پاکستانی پی آئی اے کے طیاروں میں سفر نہیں کرتے ،معلوم نہیں، انہیں کس ملک میں بٹھالیا جائے ۔پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے ،مگروزیراعظم دن رات کامیابیاں گنوانے میں مصروف ہیں ۔ حکمران قوم کو تبائیں ان کے نزدیک خوشحالی اور کامیابی کی کیا تعریف ہے ۔ ملک پر وہی ٹولہ مسلط ہے جنہوں نے انگریزوں کے بوٹ پالش کیے ۔ سیاسی پا رٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے جتھے ہیں ۔ غریب کا بچہ تعلیم سے محروم جبکہ اشرافیہ کے بچے بیرون ملک ایلیٹ اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کو کرپشن سے پاک فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور ضلع دیر کے امیر اعزاز الملک افکاری بھی موجودتھے ۔سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ سے پر زور مطالبہ کیاہے کہ براڈشیٹ کے معاملے پر سوموٹو ایکشن لے کر پوری قوم کو اصل حقائق سے آگاہ کرے ۔ انہوں نے افسوس کا ا ظہار کیا کہ پانامہ سکینڈل میں ملوث 436 افراد کے خلاف اگر عدالت عالیہ نے ایکشن لیا ہوتا تو آج براڈشیٹ جیسے سکینڈلز سامنے نہ آتے ۔ براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومت اور پی ڈی ایم کامیابی کے دعوے کر رہی ہے ۔ میں کہتاہوں کہ دونوں کا میاب جبکہ ملک کی مظلوم عوام ناکام ہو گئی ۔ عدالت نے ماضی میں کی گئی غلطیوں کا خود اعتراف کیا ہے اب قوم کے اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر حالات ایسے رہے تو لوگ خدانخواستہ خود چوکوں چوراہوں میں اپنی عدالتیں لگانا شروع کردیں گے ۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.