لدھیانہ (آئی این پی )وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت مل کر آگے بڑھیں توہماری ترقی مغربی دنیا کو حیرت زدہ کرسکتی ہے۔ جنگوں نے انسانیت کو سسکیوں اور آہوں کے سوا کچھ نہیں دیا ، پاکستان اور بھارت کو بھی اب کشیدگی کی فضا کو خیر باد کہہ کر امن ، دوستی اور باہمی تعاون کے سفر کا آغاز کرنا چاہیے۔ وہ ہفتہ کو بھارتی پنجاب میں مختلف تقریبات سے خطاب کررہے تھے ۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار بادل سنگھ پرکاش کی طرف سے دیئے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے محمد شہباز شریف نے کہا کہ اگر یورپی ممالک صدیوں کی نفرتیں اور دشمنیوں کے باوجود ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں تو پاکستان اور بھارت اپنے عوام کی خوشحالی اور بہتری کے لئے ایسا کیوں نہیں کرسکتے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تقسیم تاریخ کا فیصلہ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان سرحدوں کی دیواروں کو کوئی نہیں گرا سکتا لیکن دونوں ملکوں کے عوام اور حکومتیں مل کر ان دیواروں کو ضرور گراسکتی ہیں جو خطے کی خوشحالی اور ترقی، اور سلامتی کی راہ میں حائل ہیں ہم ان دیواروں کو ضرور گراسکتے ہیں جوریسرچ اور تحقیق میں تعاون ، ٹیکنالوجی میں اشتراک اور امن و سلامتی کے سفر میں مل کر آگے بڑھنے کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔پنجاب زرعی یونیورسٹی لدھیانہ میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں بھارتی پنجاب کی ترقی سے ازحد فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج مل کر امن، سلامتی اور ترقی کے حق میں اہم فیصلے کرلئے تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں دعائیں دیں گی لیکن اگر ہم نے وقت کھو دیا تو پھر اس غلطی کی تلافی ممکن نہیں ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں کچھ شعوری فیصلے کرنے ہوں گے۔جس کے لئے ہمارے سیاستدانوں کو آپ کے سیاستدانوں، آپ کے ماہرین کو ہمارے ماہرین اور آپ کے انجینئرز کو ہمارے انجینئرز کے ساتھ اکٹھا ہونا ہوگا اور انہیں مل کر بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ سیاستدان ہیں جو اپنے عمل کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی موجودہ فضا کو دور کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ایک ایسی فضا پیدا کرنے کے خواہاں ہے جہاں دوستی کو فروغ ہو اور دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہو۔ہمیں یہ کام بہت پہلے کرلینا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ہم آج بھی اپنی ماضی کی غلطیوں کی تلافی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارتی سہولتوں کے حوالے سے آئندہ کچھ دنوں میں بھارت اورپاکستان مل کر اہم فیصلے کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور دونوں ملکوں کے کامرس سیکرٹریوں کی ملاقات بھی ہونے والی ہے۔