دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ کی 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں آج صبح سے ملک بھر میں کورونا کے حفاظتی ٹیکوں کو لگانے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے جسے ’وی ڈے‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کووینٹری کے یونیورسٹی اسپتال میں سب سے پہلی ڈوز مارگریٹ کینن کو لگائی گئی ہے جو آئندہ ہفتے اپنی 91 ویں سالگرہ منائیں گی۔

برطانیہ نے گزشتہ ماہ فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ ویکسین کے استعمال کی اجازت دیدی تھی جس کے لیے 40 ملین خوراکیں خریدی گئی ہیں اور جو 20 ملین افراد کو لگائی جائیں گی۔

پہلی 8 لاکھ خوراکیں 80 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگائی جائیں گی جس کے لیے ابتدائی طور پر 70 اسپتالوں میں کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

corona vaccination in UK started 1

برطانیہ کے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ عوام صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، پہلے مرحلے میں صرف انہی لوگوں کو ڈوزز لگائے جائیں گے جنہیں کووڈ۔19 کا زیادہ خطرہ ہے اور ایسے افراد سے خود رابطہ کیا جائے گا۔ ویکسینیشن کے عمل کو ایک سال سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں 17 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ 61 ہزار افراد اس مہلک وائرس سے ہلاک ہوگئے جب کہ دنیا بھر میں لھ بھگ 7 کروڑ افراد متاثر ہوئے اور 15 لاکھ سے زائد اموات ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں ممالک میں امریکا اور بھارت شامل ہیں۔

 

Editor

Next Post

کورونا وائرس ،ملک بھر میں مزید89افراد چل بسے ... اموات کی تعداد 8487تک پہنچ گئی

منگل دسمبر 8 , 2020
کورونا وائرس ،ملک بھر میں مزید89افراد چل بسے اموات کی تعداد 8487تک پہنچ گئی ،2885نئے کیسز رپورٹ اسلام آباد (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں مہلک عالمی وباء کوروناوئرس کے مزید 89مریض انتقا ل کر گئے جس کے بعداموات کی تعداد 8487تک پہنچ گئی  ۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس […]