دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ 4وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار

دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ 4وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار

جنوبی افریقہ نے پاکستان کی پہلی اننگ  میں 272 رنز کے جواب میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنائے

راولپنڈی(ویب  نیوز)پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 272 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہے۔راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 145 رنز 3 کھلاڑی آوٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو فواد عالم اور بابر وکٹ پر موجود تھے۔پاکستان کے لیے دن کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور 77 رنز میں کسی اضافے کے بغیر ہی دن کی دوسری گیند پر اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔ابھی پاکستان کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ چار رنز کے اضافے سے فواد عالم وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آوٹ ہو گئے، انہوں نے 45 رنز بنائے۔149 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فہیم اشرف آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے۔ایک مرتبہ پھر نوکیا نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 8 رنز بنانے والے محمد رضوان کو چلتا کردیا۔دوسرے اینڈ سے فہیم اشرف نے اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن کھانے کے وقفے سے قبل کیشپ مہاراج نے حسن علی کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ اور فہیم اشرف نے جنوبی افریقی بالرز کے خلاف مزاحمت کرتے ہوئے 30 رنز کی ساجھے داری قائم کی جس کے بعد یاسر شاہ 8 رنز بنا کر ویان ملڈر کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔فہیم اشرف اور نعمان علی نے نویں وکٹ کے لیے 21 رنز جوڑے جس کے بعد نوکیا نے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی کو چلتا کر کے 272 رنز پر پاکستان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔فہیم اشرف 12 چوکوں سے مزین 78 رنز کی اننگز کھیل ناقابل شکست رہے جبکہ پاکستان کے 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرچ نوکیا نے 5 جبکہ کیشپ مہاراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقی اوپنرز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 26 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ حسن علی نے لگاتار دو گیندوں پر ڈین ایلگر اور راسی وین ڈر ڈوسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔ایڈن مرکرم کا ساتھ دینے تجربہ کار فاف ڈیو پلیسی آئے اور دونوں نے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن 55 کے مجموعی اسکور پر فہیم کی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی پاداش میں ڈیو پلیسی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔مرکرم اور ٹیمبا باووما نے اسکور کو 81 تک پہنچایا لیکن نعمان علی نے 32 رنز بنانے والے مرکرم کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔نئے بلے باز کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 5 چوکے جڑ کر دبا وکسی حد تک کم کردیا۔جب خراب روشنی کے سبب دن کا کھیل 10اوورز قبل ختم کیا گیا تو جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 106رنز بنائے تھے، باووما 15 اور ڈی کوک 11 گیندوں پر 24 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔جنوبی افریقہ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 166 رنز درکار ہیں۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دو جبکہ نعمان اور فہیم نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔پاکستان نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کے بعد تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔

 

Editor

Next Post

کے ٹو مہم جوئی: رسی ٹوٹنے کی وجہ سے کوہ پیما برفانی شگاف میں گر کر ہلاک

جمعہ فروری 5 , 2021
کے ٹو مہم جوئی: رسی ٹوٹنے کی وجہ سے کوہ پیما برفانی شگاف میں گر کر ہلاک اسکردو(ویب  نیوز) کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ کوہ پیما کی لاش نکال لی گئی۔بلغاریہ کا کوہ پیما برفانی شگاف میں گرکر ہلاک ہوا۔  کوہ پیما رسی ٹوٹ جانیکے باعث کیمپ […]