راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس ملازمین کی دوبارہ ہڑتال

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

راولپنڈی اسلام آباد میں میٹروبس ملازمین نے دوبارہ ہڑتال کردی۔

ملازمین کا کہنا ہے کہ میٹرو انتظامیہ نے سابقہ احتجاج کے نتیجے میں کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ ملازمین نے تمام اسٹیشنز پر ٹکٹنگ بوتھ بند کردیے جس کے نتیجے میں مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

میٹرو بس ٹکٹنگ ملازمین نے تنخواہیں اور کورونا فنڈز نہ ملنے پر گذشتہ ماہ ہڑتال کرکے میٹرو ٹریک پر 2 روز تک دھرنا دیا تھا جس پر میٹروبس انتظامیہ نے تمام واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور ملازمین نے احتجاج ختم کرکے میٹروبس سروس بحال کردی تھی۔

ملازمین نے اب دوبارہ ہڑتال کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرو بس انتظامیہ نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا، ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں اور دیگر واجبات ادا نہیں کیے، جس پر دوبارہ احتجاج شروع کردیا ہے، پہلے مرحلے میں ٹکٹنگ بوتھ بند کیا ہے اگلے مرحلے میں میٹروبس سروس مکمل بند کردیں گے۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.