ضلع مظفرآباد میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جو تشویشناک امر ہے ..ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کی زیر صدارت کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ اجلاس

 آزادکشمیر کے اندر کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزاور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

مظفرآباد( ویب ڈیسک )چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت کرونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں آزادکشمیر کے اندر کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسزاور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کروانے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سکولز زاہد عباسی ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری سٹیٹ ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی شاہد محی الدین قادری، سپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالحمید مغل ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن محترمہ تہذیب النساء ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سردار آفتاب ، پرنسپل سٹاف آفیسر بدر منیر جبکہ ویڈیو لنک پر سیکرٹری ہیلتھ میجرجنرل احسن الطاف ستی ، کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری رقیب ، کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمان نے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب نے کرونا وائرس کی تازہ صورتحال اور اس سے نبردآزما ہونے کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے جاری کردہ حفاظتی SOPپر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ جن علاقوں میں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈائون اور مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون لگایا جائے گا۔ محکمہ صحت عامہ ، انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کی کوآرڈینینشن یقینی بنائی جائے گی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ایس او پی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ ضلع مظفرآباد میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جو تشویشناک امر ہے ، اس کی مانیٹرنگ کی جائے اور متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر سمارٹ اور مائیکرو لاک ڈائون نافذ کیا جائے تاکہ یہ وباء مزید نہ پھیل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ شادی ہالز اور ٹرانسپورٹ کے حوالہ سے جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر بھی عملدرآمد کروایاجائے اور شادی ہالز میں اس کی کل گنجائش کے پچاس فیصد لوگوں کو اجازت دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ مجسٹریٹ صاحبا ن مختلف بازاروں اور دیگر علاقوں کے سرپرائز وزٹ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیکر ایس او پی پر عملدرآمد کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ میڈیا کے ذریعے زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے تاکہ لوگ ایس او پی پر عملدرآمد کر یں ۔ اگلے چند دنوں میں اس حوالہ سے اقدامات پر عملدرآمد ہوتا ہوا نظرآنا چاہیے ۔ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ تعلیمی اداروں کی بھی مانیٹرنگ کی جائے تاکہ طلبا و طالبات اس وباء سے محفوظ رہ سکیں۔

 

Editor

Next Post

موٹروے زیادتی کیس کا مفرور مرکزی ملزم عابد ملہی فیصل آباد سے گرفتار

پیر اکتوبر 12 , 2020
موٹروے زیادتی کیس کا مفرور مرکزی ملزم عابد ملہی فیصل آباد سے گرفتار مرکزی ملزم کی گرفتاری میں اس کی بیوی کو استعمال کیا گیا معاون خصوصی شہباز گل کی بھی عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق فیصل آباد(ویب ڈیسک ) لاہور موٹروے  زیادتی کیس کا مفرور مرکزی ملزم عابد […]