فردوس عاشق فارغ، لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر

اسلام آباد(صباح نیوز)

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹاکر ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل(ر)  عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔عاصم سلیم باجوہ اس وقت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ کواعزازی حیثیت میں معاون خصوصی تعینات کیاگیا ہے اور فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ کی بطور معاون خصوصی تقرری کا اطلاق فوری طورپرہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد ایوان سینیٹ شبلی فراز  آج (منگل کو) وفاقی وزیر کا حلف اٹھائیں گے، صدر مملکت عارف علوی ان سے وفاقی وزیر کا حلف لیں گے، تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس میں وفاقی وزرا ء اور دیگر اعلی حکام شرکت کریں گے،  حلف اٹھانے کے بعد کابینہ ڈویژں باضابطہ نوٹیفکیشنن جاری کرے گا۔اس سلسلے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات بنایا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنایا گیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ان دونوں پر مشتمل ٹیم بہترین کام کرے گی۔

 

Editor

Next Post

e-Paper - Daily Wifaq - 28-04-2020

منگل اپریل 28 , 2020