ملاقات آرمی چیف کی خواہش پر ہوئی، ایجنڈا گلگت بلتستان اور علاقائی صورتحال تھی ، سینیٹر سراج الحق

لاہور (ویب ڈیسک)

ہم نے اپنے دوٹوک اور واضح موقف کا ا ظہار کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے

گلگت بلتستان میں فری اور فیئر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے

 ماضی میں ہر الیکشن پر اعتراضات آئے ، پورے انتخابی نظام اور الیکشن کو صاف و شفاف بنایا جائے،امیرجماعت کا بیان

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کہاہے کہ یہ ملاقات آرمی چیف کی خواہش پر ہوئی تھی جس کا ایجنڈا گلگت بلتستان اور علاقائی صورتحال تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دوٹوک اور واضح موقف کا ا ظہار کرتے ہوئے کہاکہ کوئی بھی ایسا اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچے ۔ گلگت بلتستان میں فری اور فیئر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ ماضی میں ہر الیکشن پر اعتراضات آئے ہیں ۔ پاکستان اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ پورے انتخابی نظام اور الیکشن کو صاف و شفاف بنایا جائے ۔ عوام کا پولنگ اسٹیشن اور پولنگ بوتھ سے اعتماد ختم ہورہاہے ۔ عوام کے اعتماد کو غیر جانبداراور شفاف الیکشن سسٹم کے ذریعے ہی بحال کیا جاسکتاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قومی سلامتی کے ایشوز پر ماضی میں ہمیشہ وزیراعظم سیاسی و قومی قیادت کو اعتماد میں لیتے تھے اور ان سے مل بیٹھ کر معاملات کا جائزہ لیا جاتا تھا ۔ لوگ سیاسی اختلا فات کے باوجود وزیراعظم کے بلانے پر قومی سلامتی کے امور کے لیے ہونے والے اجلاسوں میں شریک ہوتے تھے مگر جب سے پی ٹی آئی حکومت بنی ہے ، قومی قیادت کو کسی معاملے میں ساتھ بٹھایا گیا نہ اسے اعتماد میں لیا گیا ۔ پلوامہ جیسے واقعہ پر ہونے والے اہم اجلاس میں بھی وزیراعظم نہیں آئے ۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی ، وزراء ، سینیٹ کے چیئرمین سمیت سب اہم لوگ حاضر تھے مگر وزیراعظم غیر حاضر تھے ۔ وزیراعظم خود پسندی اور اپنی ذات کے سحر میں مبتلا رہتے ہیں ، انہیں یہ متکبرانہ رویہ چھوڑنا پڑے گا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت ملک ایک انتشار کا شکار ہے۔ موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں نے قانون اور انصاف کے بجائے اپنی حکمرانی قائم کرنے کی کوشش کی ہے ۔ سیاسی اور جمہوریت اب بھی یرغمال ہے ۔ جاگیر داروں ، وڈیروںاور سرمایہ داروں نے دولت کے بل بوتے پر سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھاہے ۔ سیاست چند خاندانوں اور شہزادوں ، شہزادیوں کے گرد گھومتی ہے جس کی وجہ سے جمہوریت پھلتی پھولتی ہے نہ ملک ترقی کرتا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنی انقلابی اور عوامی سیاست کرے گی ۔ ہم مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے بھر پور جدوجہد کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کی کرپشن کے کارنامے جیسے جیسے عوام کے سامنے آرہے ہیں ، لوگوں کے اندر ان کے خلاف نفرت میں اضافہ ہورہاہے ۔

Editor

Next Post

کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی ،کے ایس ای100انڈیکس کی42ہزار کی نفسیاتی حدگرگئی

منگل ستمبر 22 , 2020
کراچی (ویب ڈیسک) انڈیکس 345.23پوائنٹس کی کمی سے41828.91پوائنٹس کی سطح پر آگیا ،67.28فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی مندی چھائی رہی , اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کے فیصلے اور اپوزیشن کی جانب سے اعلان کردہ […]