میڈیکل چیک اپ اور بچے لندن میں ہوں انہیں پسیماندہ علاقوں کا کیسے احساس ہوگا..وزیراعظم عمران خان

قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے نہیں تعلیم پر خرچ کرنے سے ترقی کرتی ہیں، عمران خان
ایک شہر پر پیسہ لگانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں
جن کے میڈیکل چیک اپ اور بچے لندن میں ہوں انہیں پسیماندہ علاقوں کا کیسے احساس ہوگا
ہماری حکومت تھانے، کچہری اور پٹواریوں کی سیاست سے لوگوں کو آزاد کرنا چاہتی ہے
میں چاہتا ہوں جو محنت کرے اس کو اس کا پھل ملے،وزیر اعظم کا میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں تقریب سے خطاب

میانوالی (ویب ڈیسک  )وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ قومیں کپاس اور کپڑا فروخت کرنے سے نہیں بلکہ تعلیم پر پیسہ لگانے سے ترقی کرتی ہیں، ایک شہر پر پیسہ لگانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، جن کے میڈیکل چیک اپ اور بچے لندن میں ہوں انہیں پسیماندہ علاقوں کا کیسے احساس ہوگا،کمزور بیچارے جیلوں میں ہیں اور بڑے چور لندن میں ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کو میانوالی کا دورہ کیا اور کیڈٹ کالج عیسی خیل کے ہاسٹل کا افتتاح اور عیسی خیل میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔بعدازاں وزیر اعظم نے کیڈٹ کالج کے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24سال پہلے اس علاقے میں پھرتا رہا ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ اس علاقے کا ایک ہی مسئلہ تھا جو پانی کا تھا۔انہوں نے کہا کہ آج جو ہم نے سوا تین ارب کی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس میں سوائے دو یونین کونسل کے ساری یونین کونسل کو پانی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اسکولوں کا مسئلہ بہت بڑا تھا کیونکہ لڑکیوں کے اسکول ٹیچرز ہی نہیں تھے، اس وجہ سے نہ یہاں نرس ملتی تھی، نہ لیڈی ڈاکٹرز ملتی تھیں، نہ ٹیچرز ملتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں جو پانی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے وہ حل ہو جائے گا جبکہ لڑکیوں کے اسکول میں ٹیچرز کی دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے ہم عثمان بزدار کے ساتھ مل کر منصوبہ بنا رہے ہیں کہ کس طرح بچیوں کے اسکول میں ٹیچرز لانی ہیں اور بنیادی صحت کے مراکز کے ذریعے صحت کی ضروریات بھی پوری کرنی ہیں۔، اب ہم ہسپتالوں میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹر تعینات کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں اور میں نے حکم دیا ہے کہ یہاں کے ہسپتال خود اخباروں میں اشتہار دیکر ڈاکٹر بھرتی کریں،عمران خان نے کہا کہ بہت سارے لوگ مجھ سے سوال پوچھتے ہیں کہ عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلی بنایا، کیونکہ میں نے میانوالی کے علاقے میں لوگوں کے حالات دیکھے تھے، جب تک کسی کو احساس نہ ہو کہ یہ پسماندہ علاقوں کے لوگ کیسے زندگی گزارتے ہیں، اس وقت تک وہ کیسے مدد کریں گے۔’جو لوگ لاہور میں بڑے بڑے محلوں میں رہ کر چیف منسٹر بن جائیں اور چیک اپ بھی لندن میں جا کر کروائیں، بچے ان کے لندن میں ہوں، ان کو کیسے احساس ہو گا کہ لوگ یہاں کیسے رہتے ہیں’۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب کا سب سے پسماندہ ضلع ڈی جی خان کا ہے، وہ میانوالی سے بھی پیچھے ہیں، وہاں بھی پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، ان کی بچیوں کے لیے بھی تعلیم نہیں ہے اور بچوں کو تعلیم کے لیے اسلام آباد یا لاہور میں جانا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم ایسے ترقی نہیں کرتی کہ ایک شہر یا دو تین شہروں پر آپ سارا پیسہ خرچ کریں تو وہ آگے چلے جائیں اور باقی لوگ پیچھے رہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے جس کا مطلب ہے کمزور کو اوپر اٹھانا ہے تاکہ کوئی بھی طاقتور اس پر ظلم نہ کر سکے۔انہوں نے تقریب میں موجود آئی جی اور ایس پی کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تھانے میں کسی غریب یا کمزو پر ظلم نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ جن کو ہم کافر کہتے ہیں وہ کیوں وہاں خوشحال ہیں؟ آپ کو وہاں انسانیت اور انصاف کا نظام نظر آئے گا اور انہی دو چیزوں پر مدینہ کی ریاست کھڑی ہوئی تھی۔وزیراعظم نے کہا کہ تھانے کچہری کی سیاست میں سرکار کے لوگوں کے ذریعے عوام پر دباو ڈالا جاتا تھا، خوف طاری کیا جاتا تھا تاکہ وہ انہی بڑے بڑے لوگوں کو ووٹ دیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ آزاد ہوں اور آپ کو کسی کا خوف نہ ہو اور جو بھی جرم کرے اسے سزا ملے چاہے وہ طاقتور ہو یا کمزور اور محنت کرنے والے کو اس کا پھل ملے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ضلع میں نمل یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو زراعت پر ریسرچ کر کے پورے پاکستان کی مدد کرے گی اور بیج ڈیولپ کرنے سمیت تمام نئی تکنیک اب اس ضلع میں بیٹھ کر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ قومیں آگے بڑھتی ہی تعلیم کی وجہ سے ہیں، ہم کپاس کپڑا بیچیں گے تو اس سے قوم آگے نہیں بڑھتی، امیر نہیں ہوتی بلکہ قوم امیر ہوتی ہے جب آپ لوگوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں، انہیں اعلی تعلیم دیتے ہیں اور ریسرچ کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ جب کوئی میرے ساتھ نہیں تھا تو میاندوالی کے لوگ میرے ساتھ تھے، جب لوگ کہتے تھے کہ کھلاڑی کیسے سیاست کرے گا تو میاندوالی کے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہوئے، تحریک انصاف کو پہلی سیٹ عیسی خیل کے لوگوں نے دلائی۔انہوں نے قوم کے نام پیغام میں کہا کہ آپ نے تھوڑا صبر کرنا ہے، یہ پاکستان دنیا میں ایک طاقتور ملک بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تھانے، کچہری اور پٹواریوں کی سیاست تھی لیکن ہماری حکومت تھانے، کچہری اور پٹواریوں کی سیاست سے لوگوں کو آزاد کرنا چاہتی ہے اور میں چاہتا ہوں جو محنت کرے اس کو اس کا پھل ملے۔اس سے قبل میانوالی پہنچنے پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔
#/S

Editor

Next Post

مریم نواز کو سالگرہ مبارک لیکن اب بڑی بھی ہوجائیں،فواد چوہدری

ہفتہ اکتوبر 24 , 2020
مریم نواز کو سالگرہ مبارک لیکن اب بڑی بھی ہوجائیں،فواد چوہدری جنہیں غلط فہمی ہے کہ عمران جنوری سے پہلے جائیں گے وہ تسلی رکھیں، نہ کوئی آرہا ہے اور نہ کوئی جارہا اپوزیشن کیسز عدالتوں میں حل کرے، اس کے علاوہ ہم بات کرنے کو تیار ہیں، میڈیا سے […]