پاکستان میں غربت کی شرح بڑھنے، لاکھوں افراد کے بیروزگار ہونے کا خدشہ

اسلام آباد(صباح  نیوز)

عالمی وبا کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان میں رواں مالی سال کا خسارہ تخمینے سے بہت زیادہ ہوگا۔ایک میڈیارپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں افراد ملازمت سے محروم ہوجائیں گے اور غربت میں اضافہ ہوگا۔ رپورٹ میں وزارت خزانہ کی دستاویزات کا حوالہ دے کر بتایا گیاکہ محصولات میں کمی کی وجہ سے اخراجات اور عوامی اخراجات کا ترجیح بنیادوں پر دوبارہ تعین کرنا ہوگا کیونکہ کورونا کی وبا کے بعد مالی خسارہ 9.4 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جبکہ گزشتہ خسارہ 7.4 فیصد تھا۔دو سرکاری عہدے داروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر  بتایا کہ مالی صورتحال کے بارے میں حالیہ ملاقاتوں میں خدشے کااظہار کیا گیا تھا کہ یہ خسارہ دو ہندسے تک بھی پہنچ سکتا ہے۔دستاویزات میں کہا گیا کہ مزدوروں اور غریب لوگوں پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں، ایک اندازے کے مطابق غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 29 فیصد ہوجائے گی۔سرکاری دستاویزات کے مطابق کم از کم 30 لاکھ افراد اپنی ملازمت سے محروم ہوجائیں گے، جن میں 10لاکھ افراد صنعتی شعبے سے اور 20 لاکھ خدمات کے شعبے کے شامل ہوں گے۔دستاویزات میں بتایا گیا کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس نے پیشگوئی کی ہے کہ ملازمت میں کمی ایک کروڑ 80 لاکھ ہوسکتی ہے۔داخلی تخمینے کے مطابق اپریل میں ٹیکس وصولی میں 16.4 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ برآمدات میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر سے 3 ارب 80 کروڑ ڈالر تک کمی واقع ہوگی جبکہ مشرق وسطی، امریکا اور یورپ سے ترسیلات زر20 سے 21ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے جو 2019 میں 21 ارب 80 کروڑ ڈالر تھی۔تاہم برآمدات میں کمی سے مالی سال میں ملکی کرنٹ اکانٹ خسارہ کم ہوکر 4 ارب 50 کروڑ ڈالر رہ جائے گا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت کو کم سے کم 5 ارب 40 ڈالر کی بیرونی مالی مدد ملنے کا امکان ہے۔ مذکورہ رقم آئی ایم ایف کے 3 سالہ پروگرام سے علیحدہ ہوگی۔ ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ ہمارا بیرونی فنانس آوٹ لک اس وقت بہت اچھا ہے، ہماری توقعات اور اندازے مثبت ہیں۔عہدیداروں نے کہا کہ ملک کو ایشین ڈیولپمنٹ بینک سے کورونا وائرس سے متعلق50 کروڑ ڈالر اور ورلڈ بینک سے ایک ارب ڈالر کی امداد مل رہی ہے۔حکومت نے چین سے بھی درخواست کی ہے کہ بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کے تحت بنے بجلی کے منصوبوں سے متعلق ادائیگیوں کو ختم کیا جائے۔واضح رہے کہ دنیا بھر میں 43 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر اور 2 لاکھ 97 ہزار سے زائد اموات کا سبب بننے والا مہلک کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے

Editor

Next Post

گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے33 اموات ہوئیں

جمعہ مئی 15 , 2020
ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک ہزار430 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ا س وباسے متاثرہ افراد کی تعداد37 ہزار218 ہو گئی ہے۔ اب تک پنجاب میں13 ہزار914 ،سندھ میں14 ہزار99،خیبرپختونخوا میں5ہزار423، بلوچستان میں2ہزار310، گلگت بلتستان میں501، اسلام آباد میں866، اور […]