پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، شاہراہوں پر ٹریفک متاثر..نوا بشاہ، گاڑیاں ٹکرا نے سے 2 افراد جاں بحق

پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند، شاہراہوں پر ٹریفک روانی متاثر

حد نگاہ انتہائی کم ،لاہور ایئرپورٹ 13 پروازیں منسوخ اور 13تاخیر کا شکار

لاہور(ویب ڈیسک )پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ، حد نگاہ انتہائی کم رہی ، موٹروے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جس کے سبب 13 پروازیں منسوخ اور تیرہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم تھری لاہور سے عبد الحکیم تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی،ملتان سے خانیوال موٹروے بھی شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر ،موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ پر بھی ٹریفک کو جانے سے روک دیا گیا۔ قومی شاہراہ پر لاہور ، چوہنگ موہلنوال، مانگا منڈی ، پھول نگر ،جمبر میں بھی شدید دھند رہی۔ پتوکی،حبیب آ باد ، رینالہ خورد ، اوکاڑہ میں بھی دھندکا راج رہا ۔ ساہیوال ، چیچہ وطنی، کسوال ، اقبال نگر کے علاوہ گیمبر ،ہڑپہ ، میاں چنوں، خانیوال اور ملتان بھی دھند کی لپیٹ میں رہے ۔ قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حد نگاہ 30میٹر ہے ۔ دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جس کے سبب 13 پروازیں منسوخ اور تیرہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کیا جائے۔ غیر ضروری سفر سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔ روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر یں۔ موٹروے پولیس کی ہمسفر ایپ سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

نوا بشاہ،شدیددھند ، گاڑیاں ٹکرا نے سے 2 افراد جاں بحق، 20زخمی

زخمیوں کو قاضی احمد اور نوابشاہ ہسپتال منتقل کر دیا ،کئی کی حالت تشویشناک

نوابشاہ(صباح نیوز)نواب شاہ میں قومی شاہراہ پر دھند کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے 2 افراد جاں بحق ، 20زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق حادثہ قومی شاہراہ پر دولت پور بائی پاس پر پیش آیا جہاں دھند کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے میں 2افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔موٹر وے پولیس نے کہاکہ حادثے کے زخمیوں کو قاضی احمد اور نوابشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا،کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

#/S

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.