کرسمس پر کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صدر اور وزیراعظم کا پیغام

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مناتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے مسیحی برادری کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، حضرت عیسیٰ علیہ السّلام پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور احترام کی علامت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کی دوسری وبا پر قابو پانے کیلئے ہمیں دوبارہ نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب بابائے قوم کے یوم ولادت پر صدر مملکت نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اقلیتوں کے حقوق کے زبردست حامی تھے، آئینِ پاکستان کے تحت ہر شہری کو مذہب اور عبادت کی آزادی حاصل ہے، حکومت اقلیتوں کو اپنی صلاحیتیں بھرپور طور پر بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم کو برصغیر کے مسلمانوں کے لئے الگ وطن کے قیام میں کردار پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے لئے ان کے نظریات پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ پیش کیا، بھارتی غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ سات دہائیوں سے ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے مسیحی شہریوں کو کرسمس کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں، کورونا وبا کے حوالے سے مجوزہ احتیاطی تدابیر ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے محفوظ رہیے۔

Editor

Next Post

جے یو آئی کا مولانا شیرانی، حافظ حسین سمیت 4 رہنماؤں کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان

جمعہ دسمبر 25 , 2020
اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کی پارٹی ڈسپلنری کمیٹی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے والے 4 اراکین کی بنیادی رکنیت ختم کر دی اور انہیں پارٹی سے نکال دیا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کی پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے […]