کور کمانڈرز کانفرنس ، سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار، ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
کانفرنس میں جمہوریت کی حمایت کا اعادہ ، مظاہرین کے خلاف طاقت کا مزید استعمال صورتحال کو مزید خراب کر یگا
کورکمانڈرز کا سیاسی بحران وقت ضائع کیے بغیر حل کرنے پر زور ، قومی سلامتی کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت اہم کورکمانڈرز کانفرنس ، ملکی سنگین سیاسی صورتحال کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا
راولپنڈی(آئی این پی )آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت اتوار کو کورکمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا گیا ۔آئی آیس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں ملکی داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں جمہوریت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا مزید استعمال صورتحال کو مزید خراب کر دے گا ۔کورکمانڈرز کانفرنس میں قومی سلامتی کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم کیا گیا ۔کانفرنس میں اتفاق کیا گیا کہ موجودہ سیاسی بحران کو وقت ضائع کیے بغیر حل کیا جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مظاہر ین کے خلاف طاقت کے مزید استعمال سے گریز کیا جائے۔اجلاس میں پرنسپل سٹاف افسران ، ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی شرکت کی ، اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا ، ڈی جی آئی ایس آئی سمیت دیگر افسران نے ساری صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی ، آرمی چیف نے بھی کور کمانڈرز کو وزیراعظم نواز شریف ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری سے اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات پر اعتماد میں لیا ۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت خاص طور پر ریڈ زون کے علاقے میں پیدا حالات پر اپنی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ طاقت کامزید استعمال صورتحال کو مزید پیچیدہ کرے گا ۔ تمام کور کمانڈرز نے وقت ضائع کیے بغیر مسئلے کا حل نکالنے پر ذور دیتے ہوئے کہا کہ فوج عوامی امنگوں کے ساتھ ہے اور اس کے خلاف نہیں جائے گی ۔ اجلاس میں ریاست کی حفاظت کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔