یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی حکومتی ارکان سے ووٹ مانگنے کی ویڈیو منظر عام پر

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی حکومتی ارکان سے ووٹ مانگنے کی ویڈیو منظر عام پر
تمام ممبران ہمارے لیے قابل احترام اورووٹ مانگنا حق ہے۔ علی حیدر گیلانی

اسلام آباد(ویب  نیوز)سینیٹ الیکشن سے قبل پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے مشترکہ امیدوارسید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سامنے آ گئی ، علی حیدر گیلانی ویڈیو میں نظر آنے والے دوسرے شخص کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔ علی حیدر گیلانی ویڈیو میں نظر آنے والے دوسرے شخص کو بیلٹ پیپر پر دو جگہ نشان لگانے کا طریقہ بتا رہے ہیں، علی حیدر گیلانی کے ساتھ ویڈیو میں دوسرا شخص رکن قومی اسمبلی ہے۔ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہورہا ہے کہ علی حیدر گیلانی جس شخص کو سینیٹ الیکشن میں ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ کار سمجھا رہے ہیں وہ کس سیاسی جماعت کا رکن قومی اسمبلی ہے۔دوسری طرف سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ آج ایک ویڈیومنظرعام پرآئی ہے۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے نے مجھے بلایا تھا۔ میرے دوست الیکشن کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔ ہم کوئی پہلاالیکشن نہیں لڑرہے۔ پی ڈی ایم ملکرانتخابی مہم چلارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ یوسف رضاگیلانی کامیاب ہوں گے۔ الیکشن کے سلسلے میں متعددلوگوں سے ملتا رہا ہوں۔ تمام ممبران ہمارے لیے قابل احترام اورووٹ مانگنا حق ہے۔ ہم نے حکومتی ارکان سے بھی ووٹ مانگاہے ،علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں میری گفتگو سب کے سامنے ہے جب کہ عمران خان نے جس طرح ووٹ خریدا وہ  بھی سب کے سامنے ہے، انہوں نے ارکان قومی اسمبلی کو 50 ،50 کروڑ روپے فنڈز دیئے کیا یہ ووٹ خریدنا نہیں؟ الیکشن کمیشن کو اس پر نوٹس لینا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری زندگی  ضمیرکا ووٹ مانگا ہے ،ہم نے کبھی ووٹوں کی خرید و فروخت میں حصہ نہیں ڈالا،تمام ممبران اسمبلی سے ووٹ مانگنا ہمارا حق ہے۔ویڈیو کے حوالے سے علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم سے تحریک انصاف کے کچھ ارکان اسمبلی نے رابطہ کیا تھا ، جن کا کہنا تھا کہ وہ حفیظ شیخ کے بجائے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں۔حکومت اس وقت پریشان ہے، شکست ان کے چہروں سے عیاں ہے۔ ویڈیو میں تحریک انصاف کے ایک یا دو نہیں زیادہ اراکین اسمبلی موجود ہیں۔

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.