اسلام آباد: (ویب نیوز  ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک سال سے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پر تعاون کا کہہ رہے ہیں، آئیں شفاف انتخابات پر مشاورت کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھیں، انتخابی شفافیت کے باعث جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 2013 کے عام انتخابات میں 133 حلقوں پر انتخابی عذرداری کی شکایات سامنے آئیں، ہم نے چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا، چاروں میں دھاندلی ثابت ہوئی، ہمیں دھاندلی کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنوانے میں ایک سال لگا، 126 دن کا دھرنا دینا پڑا، جوڈیشل کمیشن نے 2013 کے انتخابات میں 40 خامیوں کی نشاندہی کی، بدقسمتی سے کوئی ٹھوس انتخابی اصلاحات نہیں کی گئیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ الیکشن کی ساکھ برقرار رکھنے کا واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور ٹیکنالوجی کا استعمال ہے، اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ انتخابی اصلاحات پر ہمارے ساتھ بیٹھیں، اپوزیشن ہمارے ساتھ بیٹھ کر دستیاب الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ماڈل کا انتخاب کرے۔