آئی اینڈ ٹی سنٹر ز میں دکانیں سیل کرنے کے عمل پر نظرثانی کی جائے۔ سردار یاسر الیاس خان
موجودہ حالات میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔ اجمل بلوچ
اسلام آباد ( ویب نیوز ) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آئی اینڈ ٹی سنٹر جی ایٹ ون کے سینئر نائب صدر ناصر چوہدری کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان سے ملاقات کی اور ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ آل پاکستان انجمن تاجراں اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری خالد چوہدری اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں تا کہ عوام کو بے روزگاری سے بچایا جائے اور معیشت مزید مشکلات کا شکار نہ ہو لہذا انہوں نے تجویز دی کہ سی ڈی اے آئی اینڈ ٹی سنٹرز میں دکانوں کو سیل کرنے کے عمل پر نظرثانی کرے کیونکہ اس سے بہت سے دکاندار ذریعہ معاش سے محروم ہو جائیں گے اور بے رروزگاری میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کو سیل کرنے کی بجائے افہام و تفہیم سے اس مسئلے کا بہتر حل نکالا جائے اور چیمبر و مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کی مشاورت سے قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی کاروبار کا بہت سی مشکلات کا سامنا ہے ایسے حالات میں دکانوں کو سیل کرنے سے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی قانونی کاروبار کر رہا ہے تو بجائے ایسے کاروبار کو بند کرنے کے ان کا قانونی حل نکالنے کی کوشش کی جائے۔
آل پاکسان انجمن تاجراں کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ موجودہ مشکل حالات میں کاروباری سرگرمیوں کیلئے مزید مشکلات پیدا کرنے سے ہر ممکن گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چالیس سال سے قائم دکانیں اب غیر قانونی قرار دی جا رہی ہیں جو مناسب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سی ڈی اے نے افہام و تفہیم سے مسئلہ حل نہ کیا تو شہر بھر کے تاجر احتجاج پر مجبور ہو سکتے ہیں لہذا سی ڈی اے صورتحال کا جائزہ لے اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کیا جائے۔
ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آئی اینڈ ٹی سنٹر جی ایٹ ون کے سینئر نائب صدر ناصر چوہدری نے کہا کہ دکانیں سیل کرنے کا عمل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان کے حلقہ میں ہوا ہے لہذا وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران کو ایسی کارروائیوں سے باز رہنے کے احکامات جاری فرمائیں کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو نقصان ہوتا ہے۔