مظفرآباد (ویب ڈیسک)

کورونا وباء کی تیسری لہر اور حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کا 5اپریل 2021ء کو ہونے والا کانووکیشن ملتوی کر دیا گیا۔ کانووکیشن کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان کورونا وباء کی صورتحال کو دیکھ کر کیا جائیگا۔ ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق کرونا وباء کی موجودہ صورتحال اور جامعہ کشمیر کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس چہلہ کیمپس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رجسٹرار جامعہ کشمیر ، ڈین سائنسز ، ڈین ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز ، ڈین ہیومنٹیز اینڈ سوشل سائنسز، ناظم مالیات و منصوبہ بندی ، کنٹرولر امتحانات ، ناظم ادارہ امور طلبہ سمیت سربراہان شعبہ جات ، آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رجسٹرار جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت عامہ کے اعلیٰ حکام سے بات چیت کی اور کرونا کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلائو اور حکومتی ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے جامعہ کشمیر کا نووکیشن جو 5اپریل 2021ء کو ہونا تھا کو ملتوی کیا جاتا ہے۔ اس ضمن میں کانووکیشن کے انعقاد کی نئی تاریخ کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کرونا وباء کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائیگا۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلنے کی شرح میں اضافہ کے باعث جامعہ کشمیر کے تمام شعبہ جات میں درس و تدریس کے امور کو رواں سمسٹر میں بھی آن لائن رکھا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سربراہان شعبہ جات 5اپریل2021ء سے آن لائن کلاسز کے اجراء کو ہی یقینی بنائیں۔ جبکہ عیدالفطر تک جامعہ کشمیر کے تمام پروگرام کی کلاسز آن لائن ہی ہوں گی۔ تاہم لیب میں کام کرنے والے طلباء /طالبات اور ریسرچ سے متعلقہ سٹوڈنٹس کو شعبہ کی ضرورت کیمطابق حاضر کرنے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح ایم فل /پی ایچ ڈی طلبائ/طالبات کو متعلقہ شعبہ کو حاضر رکھنے کی اجازت ہو گی۔ عید کے بعد حکومت کی جانب سے ہدایات کی روشنی میں آن کیمپس فیس ٹو فیس کلاسز کا فیصلہ کیا جائیگا۔