اسلام آباد(صباح نیوز)

آزاد پتن ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ،700 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی،جبکہ ملازمتوں کے 3 ہزار مواقع پیدا ہونگے،چین منصوبے پر ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ، معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے، ان منصوبوں سے ہمارے کلین  اور گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔وزیراعظم نے کہاکہ آزاد پتن ہائیڈرو پاورپراجیکٹ سی پیک کا حصہ ہے، سی پیک پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی مثال ہے، سی پیک پاکستان اور چائنہ کے درمیان ایک ایسا معاہدہ ہے جو پاکستان کوترقی دے گا ، چائنہ کی ترقی سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ چائنہ کی معیشت دنیا میں بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے ، ہمیں اس سے بھی آنے والے وقت میں بہت فائدہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک مرحلہ وار آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سے پاکستانی عوام کی امیدیں وابستہ ہیں۔  مجھے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ آزاد پتن ہائیڈروپاور پراجیکٹ سی پیک کا حصہ ہے یہ منصوبہ  قرضہ لے کر نہیں بنایا جارہا بلکہ اس پرسرمایہ کاری ہورہی ہے،ملک پر بوجھ نہیں پڑے گا، ملک کوسرمایہ  کاری کی ضرورت ہے اس سے پہلے قرضے  لے کر  پاور پراجیکٹ  بنائے جس کی بڑی بھاری قیمت  ادا کرنا پڑی ۔ سی پیک کے منصوبے پاکستان کیلئے بہت مفید ہیں۔ سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمتی سے بجلی کی پیداوار کے لئے درآمدی تیل پر انحصار  کیا گیا ۔ درآمدی  تیل سے عوام  کو بجلی کی بڑی بھاری قیمت  ادا کرنا پڑی۔ اس سے  ہمارے صنعت کو بھی نقصان ہوا ، ہم اپنے ہمسایہ  ملک کا مقابلہ نہ کرسکے  ان کی توانائی کی قیمت کم ہونی شروع ہوگئی  اور ہماری قیمت بڑھنا شروع ہوگئی  جیسے ہی ہمارے روپے پر دبائو بڑھتا اس کی قدر کم ہو جاتی اور بجلی کی قیمت  بڑھ جاتی ۔ شروع میں منگلا ، تربیلا اور وارسک ڈیم سے ہم سستی بجلی پیدا کرتے تھے مگر بدقسمتی  سے 90 کی دہائی کے بعد جب درآمدی تیل آنا شروع ہوا تو ہماری بجلی بھی مہنگی ہوئی اور ملکی معیشت پر بھی برا اثر پڑا۔مجھے بے حد خوشی ہے کہ اب اپنے پانی سے سستی بجلی بنے گی ان منصوبوں سے ہمارے کلین اور گرین پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ پاکستان میں ایسی سرمایہ کاری آئی ہے جو ہرطرح سے پاکستان کے فائدے میں ہے۔ یہ منصوبہ سی پیک کے  نیچے  ہے جو پاکستان  کا مستقبل ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ  نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ چین منصوبے پر ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا ہم عوام کو سستی اور ماحول دوست  بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاںہیں، آزاد پتن  ہائیڈروپاور پراجیکٹ سے ملازمتوں کے 3 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔ گزشتہ جمعہ کے روز کوہالہ ہائیڈروپاور پراجیکٹ کا افتتاح کیا ،کوہالہ ہائیڈل پاور پراجیکٹ سے 3 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوںگے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس روز میں ہم نے چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی۔ اٹھارہ سو میگاواٹ سستی بجلی حاصل کرنے معاہدے کیے گئے۔ ان منصوبوں سے 8 ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔