الخدمت فاؤنڈیشن اور جاز کے باہمی اشتراک سے قصور اور فیصل آباد کے سینکڑوں مستحق خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کئے گئے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ شاہد اقبال، سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن
آزمائش کی اس گھڑی میں جاز اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔عامر ابراہیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر جاز

اسلام آباد( ویب ڈیسک )الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور پاکستان کے نمبر ون فور جی آپریٹر اور سب سے بڑی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی جاز کے باہمی اشتراک سے فیصل آباد اور قصور کے سینکڑوں خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کئے گئے۔ اس حوالے سے پہلی تقریب فیصل آباد کے نواحی علاقے تاندلیانوالہ میں منعقد ہوئی جس میں 300مستحق خاندانوں میں آٹا، چاول، دالوں،گھی اور دیگر اشیائے خورونوش پر مشتمل راشن پیک تقسیم کئے گئے جبکہ دوسری تقریب کا انعقاد قصور کے نواحی علاقے بگے میں کیا گیا جہاں 100راشن پیک تقسیم کئے گئے۔اس موقع پرجاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں جاز اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہے، جاز دیگر اداروں کے ساتھ ملکر کورونا وباسے متاثرہ سفید پوش خاندانوں اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کی ہر ممکن مدد جاری رکھے ہوئے ہے۔ کورونا متاثرین کی امداد کی مد میں جاز کی جانب سے 1ارب 20کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے کورونا وبا کے دوران جس طرح ملک بھر میں خدمت خلق کا کام سرانجام دیا وہ قابلِ تحسین ہے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل شاہد اقبال نے کہا کہ کورونا وبا کی دوسری لہر اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال تشویشناک ہے۔ابتدا سے ہی الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ آج جاز کمپنی کے تعاون سے 4سومستحق خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کئے گئے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن، جاز کمپنی کی شکر گزار ہے کہ جنھوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد کیا اور امید کرتے ہیں کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جاز آئندہ بھی ملکر دکھی انسانیت کے اس مشن کو جاری رکھیں گے۔