اسرائیلی بلدیہ نے یہودی کالونی میں توسیع کا منصوبہ تیار کر لیا

 نئے توسیع پسندانہ منصوبے پر 350 ملین شیکل کی رقم مختص کی گئی

مقبوضہ بیت المقدس( ویب  نیوز) اسرائیل کی نام نہاد بلدیہ نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع”بسگات زئیو”یہودی کالونی میں توسیع کا منصوبہ تیار کر لیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس نئے توسیع پسندانہ منصوبے پر 350 ملین شیکل کی رقم مختص کی گئی ۔منصوبے کے تحت یہودی کالونی میں مزید 900 رہائشی مکانات،تجارتی مراکز، شمالی اور مغربی بیت المقدس کے درمیان ریلوے پٹڑی کا قیام بھی شامل ہے۔خیال رہے کہ اسرائیل نے بسغات زئیو یہودی کالونی سنہ 1967 ء کے بعد تعمیر کی تھی۔ اس کالونی کے قیام کے بعد شمال مغربی بیت المقدس کے بہت سے علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ کٹ گیا تھا۔چند ہفتے قبل اسرائیلی حکومت نے اس کالونی میں ایک بڑا پارک تعمیر کرنے کے لیے 17 دون فلسطینی اراضی غصب کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے کا ٹھیکہ اسرائیلی بلدیہ کی ”موریا” نامی ایک کمپنی کو دیا گیا ۔