وفاقی دارالحکومت میں ساجد گوندل کے بعد ایک اور شہری کا سیاہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد کے  ہاتھوں دن دیہاڑے اغوائ

تھانہ سبزی منڈی کا مقدمہ درج کرنے سے  ٹال مٹول

اغواء کے واقعہ پر اسلام آباد کے شہریوں میں  تشویش کی لہر دوڑ گئی

عوامی حلقوں، تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی کا  وزیراعظم، عدالت عظمیٰ اور دیگر اداروں سے  صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن دیہاڑے سیاہ کپڑوں میں ملبوس نامعلوم افراد مسجد میں  داخل ہونے والے نوجوان کو اٹھا کر لے گئے، تھانہ سبزی منڈی کا مقدمہ درج کرنے سے ٹال مٹول، اسلام آباد کے شہریوں میں  تشویش کی لہر دوڑ گئی، اس سے قبل  ایس ای سی پی کے  افسر ساجد گوندل کو بھی لاپتہ کردیا گیا۔ رات گئے تک مغوی انتخاب عباسی کے بھائی وسیم عباسی  وکلاء اور رشتہ داروں کے ہمراہ تھانے میں بیٹھے رہے ، شنوائی کیلئے  تاخیری حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔ لواحقین کے مطابق منگل کی شام ساڑھے پانچ بجے آئی ٹین مرکز میں خیبر باجوڑ ریسٹورنٹ پر کام کرنے والے انتخاب عباسی  چمبیلی روڈ پر مسجد سیدنا حسین میں نماز عصر کی ادائیگی کیلئے گئے تھے کہ مسجد میں داخل  ہوتے ہوئے اچانک چار پانچ سیاہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے سے دبوچ لیا اور سفید گاڑی ڈالہ  میں ڈال کرلے گئے۔ مغوی  انتخاب عباسی رواں سال سعودی عرب سے شادی کیلئے اسلام آباد آیا تھا۔ فروری میں اس کی شادی ہوئی تھی ساڑھے چار سالوں سے سعودی عرب میں کام کررہا ہے ، لاک ڈائون کے باعث واپس نہ جاسکا اور ریسٹورنٹ  پر کام کررہا تھا۔ اغواء کے اس سنگین واقعے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے  اس سے چند روز قبل  ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کو بھی لاپتہ کردیا گیا تھا تاحال  اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ عوامی حلقوں، تاجر تنظیموں، سول سوسائٹی نے وزیراعظم، عدالت عظمیٰ اور دیگر اداروں سے صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کے احساس عدم تحفظ کو دور کیا جاسکے۔

#/S