اسلام آباد میں فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ مزید بڑھایا جائے۔ عبدالرحمٰن خان
اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھنے کا نوٹس لیا جائے
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد کی فلور ملوں کے ایک وفد اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی فلور ملوں کیلئے گندم کا ماہانہ کوٹا بڑھایا جائے تا کہ خطے میں آٹے کا کوئی بحران پید انہ ہو۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ اگرچہ ملک بھر میں گندم کے تسلی بخش ذخائر موجود ہیں اور آٹے کی کوئی کمی نہیں تاہم انہوں نے کہا کہ فلوملوں کیلئے گندم کا کوٹہ بڑھانے سے آٹے کے بحران کے تمام امکانات ختم ہو جائیں گے۔
عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت اس وقت اپنی بلند ترین سطح پر ہے جس سے آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر (ڈی ایف سی) ملک محمد زمان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں کیونکہ وہ مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی کی بدستور چیکنگ کر رہے ہیں تا کہ عوام کو آٹے کی قلت کا کوئی سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ ملک محمد زمان فلو ر ملوں کے مسائل حل کرنے میں بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک محمد زمان پر محکمانہ کیس بلا جواز ہے کیونکہ ان کی کارکردگی بالکل تسلی بخش ہے لہذا انہوں نے پنجاب کے وزیر خوراک سے اپیل کہ ملک محمد زمان کے خلاف کیس واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ڈی ایف سیز کے خلاف بھی کیس واپس لئے جائیں۔
عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ ڈی ایف سی کی نگرانی میں راولپنڈی و اسلام آباد میں 70 سے زائد سیل پوائنٹ قائم ہیں جن سے عوام کو آٹے کی سپلائی وافر مقدار میں فراہم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ سہولت بازاروں میں بھی آٹے کی سیل سرکاری نرخوں پر جاری ہے جس کیلئے فلور ملز ایسوسی ایشن، ڈی ایف سی اور ان کا عملہ شاباش کے مستحق ہیں۔