اسلام آباد ہائی کورٹ کا سیکریٹری خارجہ کو نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کا حکم

نواز شریف کی 22 ستمبر کو صبح 11 بجے عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ بھیجے جائیں

نواز شریف کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ میں پیش کیا جائے۔۔سیکریٹری خارجہ کو ہدایت

اسلام آباد(ویب ڈیسک )اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسسٹنٹ رجسٹرار نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ کو 22 ستمبر کو عدالت میں ان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری وارنٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے 15 ستمبر کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں ان کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر سماعت کے دوران ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔سیکریٹری خارجہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نواز شریف کی 22 ستمبر کو صبح 11 بجے عدالت میں حاضری یقینی بنانے کے لیے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ بھیجے جائیں اور نواز شریف کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ میں پیش کیا جائے۔اسسٹنٹ رجسڑار کی جانب سے جاری حکم نامے میں خط بھی جاری کیا گیا ہے۔دوسری جانب نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اور طلبی کے تمام حکم نامے بھی برطانیہ ارسال کردیے گئے ہیں، نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری پارک لین لندن کے پتے پر ارسال کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ 15 سمتبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل عدالت کے دو رکنی بینچ نے نمائندے کے ذریعے اپیلوں کی پیروی کی درخواست بھی مسترد کی تھی۔