برسلز (ویب ڈیسک)

نیٹو سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال مشکل ہے، نیٹو اراکین امن عمل میں تازہ توانائی ڈالنے کی کوششوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔

اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ برسلز میں آج سے شروع ہونے والے 2 روزہ وزرائےخارجہ اجلاس میں افغانستان کے حالات اور نیٹو افواج کی موجودگی پر بھی مشاورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کوئی آسان انتخاب نہیں، ابھی کے لئے تمام اختیارات کھلے ہیں، سیکیورٹی کی صورتحال مشکل ہے،نیٹو فوج کو محفوظ رکھنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام فریقین کو امن عمل میں پیشرفت ، تشدد میں کمی ، نیک نیتی کیساتھ مذاکرات کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے امن عمل کیلئے علاقائی،بین الاقوامی برادری کی تعمیری شرکت بھی درکار ہے۔