الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو متنازعہ بنا دیا، شاہد خاقان

سینیٹ الیکشن کیا پاکستان میں تو قومی اور صوبائی الیکشن بھی چوری ہوتے ہیں

آئین میں ترمیم صرف پارلیمنٹ میں ہوسکتی ہے، ووٹ خریدنے اور بیچنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں، میڈیا سے گفتگو

اپنے و کلاء کوحفیظ شیخ کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(ویب  نیوز)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن )کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین میں ترمیم صرف پارلیمنٹ میں ہوسکتی ہے، ووٹ خریدنے اور بیچنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کیا پاکستان میں تو قومی اور صوبائی الیکشن بھی چوری ہوتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کو متنازعہ بنا دیا ہے ،پی ڈی ایم چور دروازے سے آ ئین میں ترمیم کرنے کی مخالفت کرتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ویڈیو اسکینڈل میں پیسے لینے، دینے اور خریدنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یوسف رضا گیلانی کے تجویز اور تائید کنندہ نہ ہوتے تو گیلانی صاحب کے کاغذات مسترد کر دیے جاتے، یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے والے کا وکیل ہی نہیں تھا۔

 سینیٹ انتخابات کیلئے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہمارے پاس مخالف امیداورحفیظ شیخ کی نااہلی کا کافی مواد ہے، لیکن میں نے اپنے وکیل کو ان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا، وہ میری کابینہ میں سابق وزیر رہے ہیں،جبکہ راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد مخالفین کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ نیئر بخاری نے الیکشن کمیشن سے سینیٹ شیڈول میں توسیع کی بات کی لیکن الیکشن کمیشن نے نیئر بخاری کی بات نہیں مانی اور توسیع کامطالبہ مسترد کر دیا۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اگر یہاں شاہد خاقان اور راجا پرویز اشرف نہ ہوتے تو میرے کاغذات بھی مسترد ہو جاتے۔ان کا کہنا تھا حکومتی ارکان نے کہا کہ ہماری تیاری نہیں ہے، ہمیں وقت چاہیے تو الیکشن کمیشن نے انہیں وقت دے دیا اور کہا کہ آپ تیاری کرکے آئیں، میرے تجویز و تائید کنندہ کو تو وقت نہیں دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مخالف امیداورحفیظ شیخ کی نااہلی کا کافی مواد ہے اور میرے وکلا نے کہا حفیظ شیخ کے کاغذات چیلنج کرتے ہیں، لیکن میں نے اپنے وکلاء کو ان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا، وہ میری کابینہ میں سابق وزیر رہے ہیں ، حفیظ شیخ کے خلاف اعتراضات داخل نہیں کرنا چاہتا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، حکومت میرے خلاف پورا زور لگا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ الیکشن میں ہمارے 14 ووٹ زیادہ تھے لیکن ہم ہار گئے، حکومت کو اپوزیشن سے بات کرنا ہو گی۔اس موقع پر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد مخالفین کے پسینے چھوٹ گئے ہیں، قومی اسمبلی کے ارکان میرٹ پر فیصلہ کریں گے اور یوسف رضا گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔