اپوزیشن خریدوفروخت کا منحوس کھیل جاری رکھنا چاہتی ہے ۔ سینیٹر شبلی فراز

یہ  ،، اسٹیٹس کو ،، برقراررکھنا چاہتے ہیں۔وزیر اطلاعات

اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پیسہ استعمال کرنے کی خواہش رکھنے والے ہی  اوپن بیلٹ پر اعتراض   کرسکتے ہیں، وہ خریدوفروخت کا منحوس کھیل جاری رکھنا چاہتے ہیں، حکومت اس کھیل کا خاتمہ چاہتی ہے جب کہ یہ  ،، اسٹیٹس کو ،، برقراررکھنا چاہتے ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن والے جمہوری لوگ نہیں ان کی بنیاد جمہوری نہیں بلکہ ان کا ایمان پیسہ ہے ان کی ہر بات ذاتی مفادات  کے گرد گھومتی ہے اور یہ چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن میں خریدوفروخت جاری رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس  دو تہائی اکثریت نہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ملک و قوم کی بہتری کاکوئی قانون نہیں بناسکتے ۔ اپوزیشن کہتی تو  ہے کہ ہم ملکی مفادات کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔ کیا اس قانون کی مخالفت ملکی مفاد ہے ؟ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ پر کوئی دبائو نہیں ڈال سکتا ۔ قانون پارلیمنٹ  بناتی ہے اور اسکی تشریح سپریم کورٹ کرتی ہے۔ ہم نے سپریم کورٹ سے ایڈوائس مانگی ہے۔ جب سپریم کورٹ فیصلہ دے دے گی تو یہ ہمارے لئے ایک گائیڈنس ٹول بن جائے گا۔ اپوزیشن  ،، اسٹیٹس کو ،،  چاہتی ہے وہ ہر اس قانون کی مخالفت کرتی ہے جو اس کے مفاد میں نہ ہو۔