لاہور (صباح نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنمائوں کی ”کورونا سیاست ”نہیں چلے گی۔ اپوزیشن نے پہلے سیاست کو کاروبار بنایا اور اب کورونا کو سیاست کی نذر کیا۔ 22 کروڑ عوام دوچہروں والے ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں۔پاکستانی قوم کورونا پر سیاست چمکانے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ اپوزیشن رہنمائوں کا رویہ ”دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت” کے مترادف ہے۔ عوام کے سامنے بلند و بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔ہنگامی صورتحال کے باوجود اپوزیشن رہنمائوں نے ہر موقع پر سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ وقت نے ثابت کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے بروقت فیصلے کئے۔ حکومت کے دور اندیش اقدامات کے باعث صورتحال سے نمٹنے میں بہت مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کا پھیلائو بھی روکنا ہے اور لوگوں کو غربت اور بھوک سے بھی بچانا ہے۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر زمینی حقائق سے لاعلم ہیں۔اپوزیشن رہنمائوں نے کورونا کے باوجود قومی یکجہتی کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ ذاتی مفادات کی خاطر اکٹھی ہونے والی اپوزیشن نے قومی مفادات کو زک پہنچائی۔ آزمائش کی گھڑی میںاپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں نے کورونا وباء پر زبانی جمع خرچ کا نیا ریکارڈ قائم کیا اورعملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے موثر اور جامع حکمت عملی اپنائی۔وزیراعظم عمران خان نے وقت ضائع کئے بغیر مشاورت کے ساتھ فیصلے کئے۔ اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے ۔ اپوزیشن جان لے کہ یہ اہم وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کاہے ۔