ایف آئی اے کامزید 13شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا آغاز

حمزہ شوگر مل کے میاں طیب آج( جمعرات کو ) ، تاندلیانوالہ شوگر مل کے ہمایوں اختر 12 اپریل کو طلب

اسلام آباد(ویب  نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) نے مزید تیرہ شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ملک بھر میں شوگر مل مافیا اور سٹہ بازوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور اب تک متعدد شوگر ملز مالکان کو گرفتار یا ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے، اب ایف آئی اے نے مزید 13 شوگر ملز کے خلاف کاروائی کا آغاز کر دیا ۔جن شوگر ملز کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، ان میں ہنزہ شوگر، اشرف شوگر، حسین شوگر ، سیون اسٹار شوگر، شیخو شوگر، اتحاد شوگر، فاطمہ شوگر، کشمیر شوگر، میر پور شوگر، النور شوگر، سورج شوگر، ایس جی ایم شوگر اور سندھ باد شوگرملز شامل ہیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 15 شوگر بروکرز سٹہ گروپس کے حوالے سے اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکے ہیں، جبکہ ایف آئی اے نے 8شوگر ملز مالکان کو نوٹسز بھجوائے لیکن تاحال کوئی ایف آئی اے پیش نہ ہوا۔ایف آئی اے کے مطابق مریم نواز کی چوہدری شوگر مل کو 31مارچ کو، حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کو 2اپریل، جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو گروپ کو پہلے 2اپریل کو طلب کیا گیا تھا اور پیش نہ ہونے پر انہیں اب دوبارہ جمعہ کو ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے، المعیز شوگر مل کو 5اپریل کو طلب کیا گیا تھا، حمزہ شوگر مل کے میاں طیب آج( جمعرات کو ) 8اپریل کو طلب کیا گیا ہے، تاندلیانوالہ شوگر مل کے ہمایوں اخترکو 12 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔