ایف پی سی سی آئی اور سارک چیمبر کی وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارکباد

لاہور ( ویب نیوز)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر اعظم عمران خان کو اپوزیشن کے پروپیگنڈے کو ختم کرنے کیلئے  قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ ہفتہ کو ایک مشترکہ بیان میں صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی راجہ محمد انور نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار معاشی نمو کے لئے سیاسی استحکام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوورونا وبا کے تناظر میں وقت کے اس اہم موڑ پر پاکستان کسی سیاسی عدم استحکام یا محاذ آئی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اپنے پارٹی کے منشور اور ملک کی معاشی نمو پر توجہ دیں اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر پورا اتریں جن کے ووٹ سے وہ اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اس وقت پرامن ماحول ، کاروبار دوست اور برآمدات پر مبنی پالیسیوں اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے منصفانہ و قابل فہم معاشی پالیسیوںکی ضرورت ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے کیونکہ اب بااثر ممالک اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے معاشی جنگ پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں اور معاشی تباہی کے ہتھیار کے ذریعے غریب ممالک کی معیشت کو اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لئے استعمال کررہے ہیں۔ پاکستان کی معیشت اتنی مضبوط نہیں کہ وہ اس معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرسکے۔ راجہ محمد انور نے کہا کہ پاکستان میں زبردست صلاحیت موجود ہے کیونکہ ہمارے پاس معاشی ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے۔ ہمیں صرف حکومتی پالیسیوں میں مستقل مزاجی اور آگے بڑھنے کے لئے واضح روڈ میپ کی ضرورت ہے۔ مستحکم معیشت مستحکم سیاسی حکومت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔