اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی ہیں۔

نیول ہیڈ کوارٹر پی این ایس ظفر میں پاک بحریہ کے سربراہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کاسامنا ہے۔ ہم نے 3 سال میں خطے میں بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا اور ہم پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 4 چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے ، گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی آرمی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور بیجنگ یونیورسٹی چین سے گریجویٹ ہیں، وہ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور ستارہ بسالت سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ بھارت کے ساتھ حالیہ تناؤ کے دوران ایڈمرل امجد خان نیازی نے ہی اس پاکستانی بحری بیڑے کی کمانڈ کی تھی جس نے پاکستانی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا تھا۔