بابراعظم دنیا کے نمبر ون کھلاڑی بن گئے
نئی رینکنگ جاری ، سوشل میڈیا پر بابراعظم کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

دبئی(ویب  نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم دنیا کے نمبر ون کھلاڑی بن گئے،ون ڈے رینکنگ میں 18سال بعد پاکستانی بلے باز پہلی پوزیشن پر آگیا ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی  )کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 865 ہوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں ان کے بعد ویرات کوہلی کے 857 پوائنٹس ہیں۔بابراعظم یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بیٹسمین ہیں، ان کے نمبر ون پر آجانے سے بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر چلے گئے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اکتوبر 2017 سے ایک روزہ میچز کے بلے بازوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود تھے۔آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں تیسرے نمبر پر بھارتی بلے باز روہت شرما، چوتھے نمبر پر کیوی بیٹسمین روز ٹیلز، جبکہ پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ براجمان ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے نئی رینکنگ جاری ہونے کے فوری بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بابراعظم کا نام ٹاپ ٹرینڈ بن گیا اور ان کے مداحوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا۔دوسری جانب بہتر کارکردگی کے بعد اوپنر فخر زمان بھی ٹاپ 10 بلے بازوں میں شامل ہوگئے اور انہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں ساتواں نمبر حاصل کرلیا۔جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے والے بابراعظم نے سیریز کے دوران مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے، سیریز کے آغاز سے قبل ان کے اور ویران کوہلی کے درمیان 20 پوائنڑس کا فرق تھا۔اس سے قبل میزبان ٹیم کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 103 رنز بنانے پر بابراعظم ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے تھے تاہم دوسرے میچ میں 31 رنز بناکر آٹ ہونے کے باعث وہ 5 پوائنٹس گنوانے کی وجہ سے دوبارہ دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے تھے۔اس سے قبل ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بیٹسمین رہ چکے ہیں۔بابراعظم کا ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ کرکٹ بلیبازوں کی رینکنگ میں چھٹا نمبر ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کا بالرز کی عالمی رینکنگ میں 11واں نمبر ہے۔