بزنس کمیونٹی کے چیدہ چیدہ مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ سیدہ شفق ہاشمی
صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کا تعاون اشد ضروری ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز )

میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کی ایڈمنسٹریٹر سیدہ شفق ہاشمی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم سی آئی سے متعلقہ بزنس کمیونٹی کے چیدہ چیدہ مسائل کو حل کرنے کیلئے متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنوں اور صنعتی شعبے کے نمائندگان کے ساتھ مل کر تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے تاکہ انہیں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں سہولت ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم سی آئی کے ڈائریکٹر ریونیو میاں طارق لطیف بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
سیدہ شفق ہاشمی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان میں سے بہت سے سی ڈی اے سے متعلق ہیں تاہم وہ سی ڈی اے حکام کے ساتھ مل کر ان کو حل کرانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے ایف ٹن مرکز سے بطور پائلٹ پراجیکٹ کام کا آغاز کیا جائے گا اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے تعاون سے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے پراپرٹی ٹیکس میں غیر معمولی اضافے، ٹریڈ لائسنس فیس اور بورڈ ٹیکس میں اضافے سمیت صنعت و تجارت کو درپیش دیگر مسائل غور سے سنے اور ان کو حل کرنے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے اس موقع پر اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کے تاجروں کو مشترکہ مسائل کا سامنا ہے جن کو حل کرنے کیلئے اور صنعت و تجارت کی بہتر ترقی کی راہ ہموار کرنے کیلئے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کا قریبی تعاون اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ کی عدم دستیابی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے لہذا پارکنگ پلازوں کی تعمیر کے لئے پارکنگ پلاٹوں کو نجی سیکٹر میں نیلام کیا جا ئے یا انہیں بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بندوبست سے نہ صرف مارکیٹوں میں پارکنگ کا مسئلہ حل ہو گا بلکہ میونسپل اداروں کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری سمیت شہریوں کو غیر ضروری مسائل سے بچانے کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں فوری مناسب کمی کی جائے جبکہ ٹریڈ لائسنس فیس اور بورڈ ٹیکس میں اضافے پر بھی نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے اسلام آبا د میں مزید پارک بنائے جائیں اور اسلام آباد میں ایک ٹاؤن ہال تعمیر کیا جائے جہاں اہم اجلاس اور فنکشنز کا انعقاد کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی سالانہ بنیاد پر اسلام آباد میں مختلف تہوار، فوڈ پارکس اور کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیاں منعقد کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اسلام آباد سٹیزن کلب کی ملکیت نہیں لے رہا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کلب کو اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے آپریشنل بنایا جائے تاکہ شہری اس کی سہولیات سے فائدہ اٹھاسکیں۔
فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کو صنعتی علاقوں کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور ان کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے مختلف ترقیاتی کاموں میں مستعدی سے حصہ لے رہی ہے اور آئندہ بھی لیتی رہے گی تاہم بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے اور اسلام آباد شہر کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے ایم سی آئی اور سی ڈی اے کو مزید فعال کردار اد اکرنا ہو گا۔
آئی سی سی آئی کے نائب صدر عبد الرحمن خان، سابق صدر ظفر بختاوری، ایف ٹین مرکز کی ایسوسی ایشن کے صدر احمد خان، بلیو ایریا کی ایسوسی ایشن کے صدر یوسف راجپوت، میلوڈی فوڈ پارک سے راجہ ذوالشم، باسر داؤد، طاہر عباسی، ناصر چوہدری، عباس ہاشمی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی تاجر برادری کے مختلف مسائل کو اجاگر کیا اور ان کو حل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں پارکنگ سہولت کا فقدان سب سے اہم مسئلہ ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں کی مرمت، سڑکوں کی کارپٹنگ،اسٹریٹ لائٹ کی بحالی، سیوریج اور صفائی نظام کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میلوڈی فوڈ پارک میں کاروبار بحال کئے جائیں، خصوصی افراد کے لئے ایک کرکٹ گراؤنڈ فراہم کیا جائے اور اسلام آباد کے تمام سیکٹرز کے رہائشیوں کو قبرستان کی سہولت مہیا کی جائے۔