دفترخارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو نیا نوٹ وربیل بھجوا دیا

نوٹ وربیل کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی نقل بھی بھجوائی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاکستان نے ایک بار پھر بھارت سے جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ایک میڈیا رپورٹ  کے مطابق دفترخارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو نیا نوٹ وربیل بھجوا دیا۔ نوٹ وربیل کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی نقل بھی بھجوائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت جاسوس کلبھوشن یادیوکی اپیل کے لیے وکیل مقرر کرے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن کے لیے وکیل مقرر کرنے کے لیے بھارت کو ایک اور پیشکش کی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کہ 3 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیلئے قانونی نمائندہ مقرر کرنے کیلئے ایک اور موقع فراہم کیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ  کی سربراہی میں لارجر بینچ نے کلبھوشن یادیو کیلئے قانونی نمائندہ مقرر کرنے کے حوالے سے وزارت قانون و انصاف کی  درخواست پر سماعت کے بعد میں تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔