نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارتی دفاعی ماہر این سی استھانہ نے کہا ہے کہ بھارت جنگ میں پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا، ہمسایہ ممالک پاکستان یا چین میں سے کسی سے بھی جنگ میں جیت کی طاقت نہیں رکھتا۔

سابق بھارتی پولیس افسر و دفاعی ماہر این سی استھانہ نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ ایٹمی پاکستان کی ہار کے خواب غیر حقیقت پسندانہ ہیں، انتخابی فوائد کیلئے پاکستان کا نام استعمال کرنا بھارتی قائدین کی عادت بن چکی، بھارتی سیاستدان عوام کوجنگ کی طرف اکسا رہے ہیں، بھارت نے 2014 سے اب تک 5 سال میں اسلحہ کی درآمد پر 14 ارب ڈالر خرچ کیے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی وادی گلوان میں سرحدی جھڑپوں کے دوران چین سے دھلائی کی شرمندگی چھپانے کیلئے کچھ عرصے سے پاکستان کے خلاف کارروائی کی گیدڑ بھبھکیاں دے رہے ہیں جس پر ان کے اپنے دفاعی ماہرین بھارتی فوج کی جنگی صلاحیت کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

دوسری جانب پاکستان مسلسل اپنا دفاع بہتر بنانے میں مصروف ہے، چین کے تعاون سے تیار کردہ 14 ڈبل سیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ پاک فضائیہ کے بلاک 3 طیاروں سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ یہ بھارت کے حال ہی میں خرید کردہ رافیل طیاروں سے بہتر ہیں۔ دریں اثنا پاک بحریہ کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی فائرنگ کا بھی کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔