بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیز سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان اپنی سلامتی اور خطے کی سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا

وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سری لنکا کا دورہ کریں گے،ہفتہ وار بریفنگ

اسلام آباد (ویب  نیوز)ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے کہاہے کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ پالیسیز سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں پاکستان اپنی سلامتی اور خطے کی سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوھدری نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھر اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل اور صدر سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رابطہ کرکے انہیں بھارتی ریاستی دہشتگردی اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سات مطالبات بھی ان کے سامنے رکھے جن میں کشمیری رہنماوں کی رہائی اور کالے قوانین کا خاتمہ شامل ہے،ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 18 ماہ سے کرفیو اور لاک ڈاون ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی حقوق سلب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پانچ فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے۔ پوری دنیا بھارت کو دہشتگرد ریاست کے طور پر دیکھتی ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا بیان مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال اور حقائق کے منافی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف پر موثر کام کیا ہے۔ ستائیس میں سے اکیس نکات پر عملدرآمد کیا گیا۔ پاکستان اپنی سلامتی اور خطے کی سلامتی کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان سے مسلسل پاکستانی فوجی تنصیبات پر سرحد پار حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان اس حوالے سے موجودہ میکنزم کے ذریعے پاکستان سے تعاون کرے ۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوھدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ سری لنکا کا دورہ کریں گے،ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا  تھاکہ امن مشقیں پاکستان میں منعقد ہوئی ہیں، مشق کا مقصد منشیات، دہشت گردی کے خلاف کاوشیں کرنا ہے، مشق میں 45 ممالک کی بحری افواج نے حصہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوہ پیماوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، آئس لینڈ اور چلی کے وزرائے خارجہ نے کوہ پیماوں کے لیے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے وزرائے خارجہ کو کوہ پیماوں کی تلاش کے لئے ہر ممکن کوشش کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، وزیراعظم نے عرب امارات کی قیادت سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، دونوں رہنماوں نے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کی بہتری پر اتفاق کیا۔