اسلام آباد (ویب ڈیسک / جیو نیوز )

وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ای سی سی نے الیکٹرک وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی ہے، پاکستان میں بہت جلد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہو گی۔

’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی سے گاڑیوں کی اجارہ داری ختم ہو گی، لاہور اور کراچی جیسے شہروں کے ماحول کےلیے یہ الیکٹرک وہیکل پالیسی اہم ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شہروں میں 35 فیصد سے زیادہ فضائی آلودگی ٹریفک کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای سی سی نے موبائل مینوفیچرنگ پالیسی کی بھی منظوری دے دی ہے، موبائل فون بنانے والی 3 بڑی کمپنیاں بہت جلد پاکستان میں آپریشن شروع کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈ اِن پاکستان کی مہم میں یہ بڑی کامیابیاں ہیں، بہت جلد ہم اپنی الیکٹرک گاڑیاں اور موبائل فونز بنا رہے ہوں گے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم اب اپنے وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں، جلد ایکسرے اور ڈائلیسز مشینیں بھی بنائیں گے۔