وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے بیرون ملک قید تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں تارکین وطن سے متعلق تقریب سے خطاب میں زلفی بخاری نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے اب تک 8 ہزار700 سے زائد پاکستانی قیدی وطن واپس آچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بیرون ملک قید پاکستانیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، غیر ملکی جیلوں میں قید سب ہی پاکستانی ہیں خواہ اُن سے غلطی ہوئی یا نہیں ہوئی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پنشن اور صحت سہولیات مہیا کرنے کا نظام لائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے 18 ماہ میں 9 لاکھ 80 ہزار پاکستانی بیرون ملک بھیجے، پہلی بار ڈیٹا تیار کرنے کا نظام متعارف کروایا۔

زلفی بخاری نے یہ بھی کہا کہ بائیومیٹرک کا ون ونڈو آپریشن سے ویزا مراحل آسان بنائے، ایجنٹ کا کردارختم کر کے آسان نظام تیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایجنٹس کی طرف سے بھیجے والوں کو تنخواہ اور سہولیات درست نہیں بتائی جاتیں، بیرون ملک کے لیے ویزا فیسوں میں کمی کا پلان بھی لارہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے کبھی بھی اس نظام پر توجہ نہیں دی تھی۔