مظفر آباد (ویب ڈیسک)

وزیر مالیات و صحت آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ڈاکٹرمحمد نجیب نقی خان نے کہا ہے کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر بینکنگ سیکٹر میں ریاست کے واحد اور مستحکم مالیاتی ادارے کے طور پر ابھر رہا ہے۔حکومت کابینک کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ وزیرحکومت جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے صارفین کی مختلف انشورنس مصنوعات تک رسائی بڑھانے اور سہولیات کی سکیم کے افتتاح کے بعد بات چیت کر رہے تھے۔

افتتاح کی تقریب حال ہی میں بینک اور انشورنس کمپنی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تناظر میں منعقد کی گئی۔ معاہدے سے بینک میں ریاستی نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع دستیاب ہوں گے اور بینک صارفین جدید مصنوعات سے مستفید ہوسکیں گے جب کہ انہیں مالی تحفظ بھی حاصل ہو گا۔ جناب خاور سعید، صدر بینک /سی ای او نے اس موقع پر سال 2020میں بینک کی کارکردگی کا ایک جائزہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بینک کا منافع سال 2019میں کم ہو کر 134ملین کی سطح پر آ گیا تھا۔ تا ہم سال2020 میں بینک کا منافع300ملین روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جو کہ بینک کی 14سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ سال 2019میں بینک کے ڈیپازٹس 11.87بلین روپے تھے۔ جوسال2020 میں بڑھ کر 13.70بلین روپے تک پہنچ گئے جو کہ بینک کی 14سالہ تاریخ میں اب تک سب سے زیادہ ہیں۔ اسی طرح سال 2019میں بینک کے ترسیلات زر 863ملین تھے۔جو سال2020 بڑھ کر 2.86بلین روپے تک پہنچ گئے۔یہ اضافہ بینک کی ابتداء سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔ مزید برآں 31دسمبر 2020تک بینک کی طرف سے 2.4بلین روپے کے قرضہ جات صارفین کو فراہم کئے گئے۔وزیر مالیات و صحت نے بینک کی 14سالہ تاریخ میں پہلی بار سال 2020 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ منافع کمانے، ڈیپازٹس اور ترسیلات زر سمیت دیگر شعبہ جات میں بھی قابل قدر اضافہ کو قابل تعریف قرار دیا اور صدر بینک سمیت تمام عملہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر صدر بینک نے وزیر حکومت کی بینک ہیڈ آفس آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کے تعاون وسرپرستی کا خیر مقدم کیا۔