نواز اورشہباز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

بیگم شمیم اختر کوا ن کے شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کر دیا گیا

بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس میں جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولاناراغب نعیمی نے پڑھائی

نمازجنازہ میں شہبازشریف، حمزہ ، شاہد خاقان ،ایازصادق، راجہ فاروق حیدر سمیت سیاسی وسماجی شخصیات کی بڑی تعداد کی شرکت

لا ہور(ویب ڈیسک )سابق وزیراعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس کے بعد ان کواپنے شوہر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپردخاک کر دیا گیا۔قبل ازیں نواز شریف کی ہمشیرہ کوثر بیگم اپنی والدہ کا جسد خاکی لے کر لاہور پہنچیں جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے لاہور ائیر پورٹ پر بیگم شمیم اختر کی میت وصول کی جسے شریف میڈیکل کمپلیکس جاتی امرا پہنچا دیا گیا ۔ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ شریف میڈیکل کمپلیکس میں کے گرائونڈ میں ادا کی گئی، نمازجنازہ جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولاناراغب نعیمی نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں شہبازشریف، حمزہ شہباز، ایازصادق، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، جاوید ہاشمی،پرویز رشید، رانا ثنااللہ، زبیر محمود، راجہ ظفرالحق، مہتاب عباسی، خواجہ سعد رفیق، حنیف عباسی، امیرمقام، مرتضی عباسی سمیت رشتہ داروں، سیاسی وسماجی شخصیات سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔نواز اور شہباز شریف کی والدہ کی نماز جنازہ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ کارکنان کو براہ راست شریف میڈیکل سٹی کے گرانڈ میں پہنچنے کا کہا گیا تھا۔اس سلسلے میں جاتی امرا آنے والی مرکزی شاہراہ کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا تھا اور عام گاڑیوں کا داخلہ ممنوع تھا۔