کراچی (ویب ڈیسک)

وزیراطلاعات سندھ ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا اتحاد و اتفاق خوش آئند ہے۔

ترجمان سندھ حکومت مُرتضیٰ وہاب نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے کمیٹی کی تشکیل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں وفاق اور سندھ حکومت کے 3، 3 نمائندے شامل ہوں گے، کمیٹی کے چیئرمین وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہوں گے، کمیٹی میں سندھ کی جانب سے صوبائی وزراء ناصر شاہ اور سعید غنی شامل ہوں گے جب کہ وفاق کی جانب سے وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی اور امین الحق شامل ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کمیٹی صوبے کے ترقیاتی کاموں میں حائل رکاوٹیں کو دور کرے گی، سندھ بھر میں ترقیاتی کاموں کو تیز اور بروقت مکمل کیا جاسکے،  سندھ حکومت صوبے کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کو ہمیشہ سے تیار ہے، تمام حکومتیں مل کر کام کریں گی تو مسائل حل ہوں گے۔

دوسری جانب کراچی کے مسائل کے حل کیلیے کمیٹی پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات ناصر شاہ نے کہا کہ تینوں جماعتوں کا کراچی کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کا عزم عوام کے لئے خوش خبری ہے، پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کا اتحاد کراچی کی تعمیر و ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی دشمن عناصر کو یہ اتحاد ایک آنکھ نہ بھائے گا، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں صوبہ سندھ اوربالخصوص کراچی نے ریکارڈ ترقی کی ہے، سندھ حکومت ہر اس جماعت یا فرد کو خوش آمدید کہے گی جو کراچی کی ترقی میں کردار ادا کرے گیں، سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کے حوالے سے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کو خوش آمدید کہا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک دن میں اربوں روپے سے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، ملک کے کسی صوبے میں اس کی مثال نہیں ملتی، وزیر اعلی سندھ نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔

واضح رہے کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کے لئے وفاقی اور سندھ حکومت کے مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں۔