لاہور (آئی این پی ) تین سرکاری تعطیلات کے بعد گورنمنٹ سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی آج (پیر) کو دوبارہ شروع ہوگی اورجمعہ8مئی تک جاری رہے گی ۔

kaeba2015-hajjrelatedحج درخواست فارم میں نہ تو کوئی تبدیلی کی گئی اور نہ ہی اس میں کوئی نیا خانہ شامل کیا گیا ہے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے جانے والے شیعہ اور سنی مسلما نوں کی تعداد کا حساب لگانے ‘ان کی فقہوں کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی اور ان کی ضروریات کے مطابق دیگر انتظامات کرنے کے لئے حج درخواست فارم میں پہلے سے شامل کسی خانے کو شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔حج درخواست فارم میں یہ خانہ سال 2015ء میں نہ تو پہلی بار شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی اس کا سعودی عرب اور یمن کے حوثی قبائل کے درمیان جاری حالیہ جنگ سے کوئی تعلق ہے ۔یہ خانہ طویل عرصے سے حج درخواست فارم میں موجود ہے جس کا مقصد حج ادا کرنے والے شیعہ اور سنی مسلمانوں کی درست تعداد کا تعین کرنا ‘ ان کی ضروریات کا اندازہ لگانا ‘ ان کے لئے درکار سہولتیں مہیا کرنا اور متعلقہ فقہ کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی کے لئے ضروری انتظامات کرنا ہے۔واضح رہے کہ مناسک حج کی ادائیگی کے سلسلے میں دونوں فقہوں میں تھوڑا سا فرق ہے ۔یہ خانہ ایک انتظامی معاملہ ہے جسے فرقہ واریت کو ہو ادینے کے لئے استعمال کرنا سراسر غلط ہے۔دریں اثناء وزارت مذہبی امور نے فقہ جعفریہ سے تعلق رکھنے والے خواتین حاجیوں کے لئے محرم کے ساتھ سفر حج پر جانے کی شرط ختم کردی ہے اور بینکوں کو محرم کے بغیر ہی ان خواتین کے حج درخواست فارم جمع کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔