جنرل اسمبلی میں پاکستان اور بھارت کے مندوبین میں کشمیر پر جھڑپ
مقبوضہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ،پاکستان کا یواین میں اعلان

نیویارک(ویب نیوز )اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان اور بھارت کے مندوبین میں کشمیر پر جھڑپ ہوئی ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت کے اس جھوٹے دعوے کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے مندوب جواد علی نے کہاکہ بھارت کا جموں و کشمیر کے ساتھ قابض ہونے کے علاوہ کوئی تعلق نہیں۔وہ پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی طرف سے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے اور پاکستان کیخلاف بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کے مذموم عزائم کو بے نقاب کرنے پر بھارتی مندوب ودیشا مترا Vidisha Mitraکے ردعمل پر جواب دے رہے تھے۔ کے پی آئی  کے مطابق قبل ازیں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم  نے  یو این کی ان قراردادوں پر عمل درآمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس میں کشمیری عوام سے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا گیا  تھا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ تنازعات کو حل کرنے کے لئے سفارت کاری میں اضافہ ضروری ہے۔ منیر اکرم نے اقوام متحدہ کو بتایا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیریوں سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔ بھارت نے کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے ۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔  بڑی تعداد میں کشمیریوں کو جیل میں ڈالا گیا ہے۔ دوران حراست ، ہزاروں نوجوان لاپتہ ہیں ، ایک لاکھ کشمیری شہید ہو گئے ہیں ، ہزاروں زخمی  ہوئے  ،بیس ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، ۔ بھارت لائن آف کنٹرول پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر کے جارحیت کر رہا ہے ۔