سری نگر(کے پی آئی)

بھارتی فوج نے جنوبی ضلع کولگام اور شمالی ضلع کپواڑہ  میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔بھارتی فوج نے  جمعہ کوجنوبی ضلع کولگام کے دمحال ہانجی پورہ علاقے میں ژمر گاں گاوں کا محاصرہ کر لیا تھا۔ دوران محاصرہ تلاشی آپریشن  کے دوران3 نوجوانوں کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا .  انسپکٹر جنرل پولیس  دلباغ  سنگھ نے  میڈیا کو بتایا  کہ کولگام میں بارودی سرنگیں بنانے  کا ماہر جیش محمد کمانڈر سمیت 3 نوجوان فوج سے جھڑ پ میں مارے گئے۔ تاہم انہوں نے  مارے جانے والے افراد کے نام ظاہر نہیں کیے ۔ اس کارروائی میں 3 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ ادھر ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں جمعرات کے روز  بھارتی فوج نے ایک کشمیری نوجوان  کو درانداز قرار دے کر شہید کر دیا تھا۔ بھارتی فوج نے  کیرن سیکٹر کے  وسیع علاقہ کو محاصرے میں لیا رکھا ہے ۔ فوج نے قصبے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا ہے۔