تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں،مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، کمشنر آفس میں اجلاس سے خطاب

ڈیرہ غازیخان  (ویب ڈیسک)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ڈاکٹر ثاقب ظفر نے ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مالی و انتظامی معاملات سمیت مکمل فعال کر دیاگیاہے،آئندہ بجٹ کیلئے تیاری اور حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے امید ہے کہ جنوبی پنجاب کیلئے تیس فیصد سے زائد بجٹ مختص ہو گا اور یہ صرف انہی علاقوں کی ترقی پر خرچ کیاجائے گا. فنڈز اور دیگر معاملات کی شفافیت کیلئے محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں. . انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز کو بااختیار بنایا جائے گا. انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے تمام سیکرٹریز سمیت متعلقہ افسران کو ڈیرہ غازیخان بلانے کا مقصد علاقہ کی تعمیر وترقی پر توجہ دینا ہے. ڈیرہ غازیخان جنوبی پنجاب کا اہم ڈویڑن ہے. وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار خود اس علاقہ کی ترقی کو فوکس کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے گیارہ اضلاع میں کورونا ایس او پیز، احترام رمضان آرڈیننس، پرائس کنٹرول ایکٹ، گندم خریداری، رمضان بازار اور دیگر معاملات میں افسران کی عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائے گی تمام معاملات پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے. مقامی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کیا جائے گا۔قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کمشنر آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر نظر رکھیں،مٹیریل کے معیار اور مدت تکمیل پر ہر گز سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا ویکسی نیشن مراکز میں سہولیات کی فراہمی کے علاوہ عوامی آگاہی بھی ضروری ہے تاکہ ہر شخص کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جاسکے. انہوں نے کہا کہ احترام رمضان آرڈیننس، پرائس کنٹرول ایکٹ اور ایس او پیز پر عملدرآمد اور سرکاری فرائض میں کوتاہی، عدم دلچسپی برداشت نہیں کی جائے گی ہر افسر کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا. اجلاس میں سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور، سیکرٹری پلاننگ و ڈیلپمنٹ شعیب اقبال سید، سیکرٹری لائیو سٹاک آفتاب احمد پیرزادہ، سیکرٹری صحت محمد اجمل بھٹی، سیکرٹری انہار کیپٹن (ر) مشتاق احمد، سیکرٹری ہاوسنگ واربن ڈویلپمنٹ لیاقت علی چٹھہ، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس عثمان علی خان، سیکرٹری فاریسٹ سرفراز احمد مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈاکٹر زاہد اکرام اوردیگر موجو دتھے. ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سٹی پارک کا دورہ کرتے ہوئے شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا. دیگر سیکرٹریز، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بھی شجرکاری میں حصہ لیااس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان سمیت صوبہ میں گندم کی بمپر کراپ ہوئی ہے حکومت انیس لاکھ میٹرک ٹن توقع کر رہی تھی تاہم اکیس لاکھ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار رپورٹ کی گئی ہے۔ ضلع ڈیرہ غازیخان میں گندم خریداری کا پچھتر فیصد ہدف حاصل کر لیاگیاہے. ڈیرہ غازیخان کے رمضان بازاروں کیلئے تیس لاکھ ٹن چینی کا ٹارگٹ دیاگیا تھا اور اب تک صرف دس لاکھ ٹن چینی فروخت ہوئی ہے انتظامیہ کے پاس چینی وافر مقدار میں موجود ہے. رمضان بازاروں میں اضافی کاونٹرز لگانے کے ساتھ عملہ بھی بڑھا دیا گیاہے عید کی چھٹیو ں میں بھی چینی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی. کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مظفرگڑھ میں فوج تعینات کر دی گئی ہے. ڈیرہ غازیخان میں پاک آرمی سروے کر رہی ہے صورتحال دیکھتے ہوئے تعیناتی کا فیصلہ کیا جائے گا۔