ڈیرہ غازی خان(صباح نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے کہا  ہے کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے،ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام پرخرچ کرے گی۔  جمعہ کو  وزیراعلیٰ پنجاب ایک روزہ دورے پر ڈیرہ غازی خان پہنچے،جہاں انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا اورشجرکاری مہم کی کامیابی کے لئے دعا کی۔اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ شجرکاری آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ضروری ہے،پودے کی دیکھ بھال اور حفاظت بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے، اسی لئے عوام میں شجرکاری کی اہمیت کا شعور بیدار کرنا ہوگا۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکٹ ہائوس میں اراکین اسمبلی اور قبائلی عمائدین سے ملاقات کی،اس موقع پر وزیراعلی نے بلوچی زبان میں ان کا حال احوال پوچھا، لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔اس کے علاوہ وزیراعلی نے منتخب نمائندوں،عمائدین کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسروں کی تعیناتی پرمبارکباد دی،عثمان بزدار  نے کہا  کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جائوں گا،وزٹ کرنے سے ہی زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ ہم محنت اور اخلاق کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں،سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے،یہ عناصر ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہ سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے،ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، یہاں کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے ا ستعمال نہیں ہوں گے۔ انہوں  نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کو سابق دور میں بری طرح نظر انداز کیا گیا،تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار جنوبی پنجاب کو اس کا حق دیا ہے،ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام پرخرچ کرے گی اورجنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے۔