اسلام آباد (ویب ڈیسک)

اسلام آباد میں حکومتی ٹیم اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ جس کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت ہیلتھ مہم کے دوران ملازمین کی سیکورٹی کے لیے تمام آئی جیز کو خط لکھے گی۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی یکساں تنخواہوں کا معاملہ سی سی آئی کو بھجوایا جائے گا جبکہ پنشن اور گریجویٹی کا معاملہ وزیراعلیٰ پنجاب سیکریٹریٹ کی قائم کمیٹی کو بھجوایا جائے گا۔

ہیلتھ ورکرز کا کہنا تھا کہ پولیس سے شکوہ ہے کہ ہمارے ساتھی پر تشدد کیا گیا۔ ہماری آواز سننے پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، مطالبات پورے کرنے کے لیے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، ہمارے مطالبات پر فوری عملدر آمد ہوگا جبکہ اپ گریڈیشن کے لیے 3 ماہ دیے گئے ہیں۔

وزیرمملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہیلتھ ورکرز کے مطالبات پورے کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی بنائی ہے۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دھرنے میں تنخواہیں، الاؤنس بڑھانے اور سروس اسٹرکچر بنانے کے مطالبات شامل تھے۔

واضح رہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نے آج پارلیمنٹ ہاؤس جانے کا اعلان کیا تھا۔تنخواہوں اور سالانہ الاؤنس میں اضافے اور سروس اسٹرکچر بنانے سمیت دیگر مطالبات کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے 6 روز سے دھرنا دے رکھا تھا۔