لندن (ویب ڈیسک)

عالمی امدادی تنظیموں کے گروپ  نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ  دنیا کی نوے فیصد غریب آبادی کورونا وائرس کی ویکسین سے محروم رہے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیپلز ویکسین الائنس نامی گروپ میں شامل آکسفیم نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ دنیا کے 67 غریب ترین ممالک اپنی آبادی کے دس میں سے صرف ایک فرد ہی کو ویکسین فراہم کرسکیں گے۔ واضح رہے اس  گروپ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور گلوبل جسٹس ناؤ جیسے تنظیمیں بھی شامل ہیں۔

عالمی تنظیم کے مطابق دنیا کے امیر ترین ممالک کے پاس اتنی وافر مقدار میں ویکسین موجود ہے کہ  اگر ان سب کے استعمال کی منظوری مل جائے  تو وہ 2021 تک اپنی پوری آبادی کو تین بار ویکسین فراہم کرسکتے ہیں۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دنیا میں تیار ہونےو الی کورونا وائرس ویکسین کی کل مقدار کا 53 فیصد وہ ترقی یافتہ ممالک خرید چکے ہیں جہاں دنیا کی کل آبادی کا صرف 14 فی صد حصہ آباد ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ روز سے ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جب کہ امریکا اور یورپ میں بھی جلد ہی اس کی مںظوری دے دی جائے گی۔ گروپ کی جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فائزر کی تیار کردہ ویکسین کی 96 فی صد مقدار امیر ترین ممالک پہلے ہی خرید چکے ہیں۔