کراچی :رواں ماہ کے دوسرے ہفتے کے دوران بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان

کے ایس ای100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ کر 42500پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا ،سرمائے میں 119ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ

کراچی(ویب ڈیسک )رواں ماہ ستمبرکے دوسرے ہفتے کے دوران بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا اور کے ایس ای100انڈیکس 500پوائنٹس بڑھ کر 42500پوائنٹس کی سطح پر جا پہنچا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 119ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 79کھرب روپے سے تجاوز کر گیا،کاروباری تیزی کے سبب 49.49فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے3دن تیزی رہی اور اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 934.91پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ2دن کی مندی سے انڈیکس 427.24پوائنٹس گھٹ گیا مگر اس کے باوجود مارکیٹ بلندی کی جانب گامزن رہی۔اسٹاک ماہرین کے مطابق وزیر اعظم عمرا ن خان کی جانب سے تاریخی کراچی پیکیج کے اعلان اور وفاقی مشیر خزانہ کے دورے سے وابستہ مثبت توقعات،پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مزید تین کمپنیوں کی آئی پی اوزآنے اور معیشت میں بہتری آنے کی خبروں پر سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم رہے اور انہوں نے منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جبکہ صدر مملکت کا پاکستان اسٹاک ایکس چینج کا کامیاب دورہ اور چینی سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری  کے بعد معمول کی تجارت میں شمولیت کی اجازت دینے سے متعلق چینی صدر سے بات چیت کرنے کا اعلان کے علاوہ 50 سے100 ملین روپے کے ادا شدہ سرمائے کی حامل چھوٹی و درمیانی درجے کی کمپنیوں کو مارکیٹ میں لسٹنگ کی سہولت دیکر انہیں کیپٹل مارکیٹ سے استفادہ کرانے کیلئے ایس ایم ایز کاؤنٹر قائم کرنے اور جلد ہی پاکستان کے ایک تجارتی وفد کو چین بھیجنے کی منصوبہ بندی جیسے عوامل مارکیٹ میں تیزی لانے کا سبب بنے۔۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 507.67پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس42023.00پوائنٹس سے بڑھ کر 42530.67پوائنٹس ہوگیا اسی طرح152.51پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس17918.63پوائنٹس سے بڑھ کر 18071.14پوائنٹس پر جا پہنچا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس29748.90پوائنٹس سے بڑھ کر 30246.21پوائنٹس ہوگیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1کھرب19ارب32کروڑ87لاکھ32ہزار594روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 78کھرب54ارب88کروڑ53لاکھ70ہزار712روپے سے بڑھ کر 79کھرب74ارب21کروڑ 41لاکھ3ہزار306روپے ہو گیا۔گذشہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس42898.09پوائنٹس کی بلند سطح کو چھوگیا تھا تاہم مندی کی لہر آنے سے انڈیکس41617.49پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ27ارب روپے مالیت کے88کروڑ49لاکھ62ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم17ارب روپے مالیت کے52کروڑ61لاکھ86ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر2174کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے1076کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،1006میں کمی اور92کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے پاور سیمنٹ،پاک انٹر نیشنل بلک،حیسکول پیٹرول،جے ایس بینک،فوجی فوڈز لمیٹڈ،پاک الیکٹرون،کے الیکٹرک لمیٹڈ،پاک ریفائنری،یونٹی فوڈز لمیٹڈ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،بائیکو پیٹرولیم،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ،پی ٹی سی ایل،ورلڈ کال ٹیلی کام،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ،کریسنٹ اسٹار انشورنس،پیس پاک لمیٹڈ اور بینک آف پنجاب سر فہرست رہے۔

#/S